• news

ڈاکٹروں کی ہدایت پر کرونا سے بچنے کیلئے نواز شریف آئسولیشن میں چلے گئے

لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ میں زیرعلاج سابق وزیراعظم نواز شریف کو ان کے ڈاکٹروں نے کرونا وائرس سے بچنے کے لئے آئسولیشن اختیار کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد وہ آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس 5 صفحات پر مشتمل ہے جو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن سے تصدیق شدہ ہیں۔ یہ رپورٹس 18 مارچ کو جاری کی گئی ہیں، جن کی روشنی میں معلوم ہوا ہے کہ نواز شریف نے سوئٹزرلینڈ کے کچھ ڈاکٹرز کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔ نواز شریف کو مارچ میں ہی چیک اپ کے لیے جانا تھا لیکن کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے نہیں جا سکے۔ میڈیکل رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف شوگر اور گردوں سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں، ان کی صحت تاحال خراب ہے، ان کے دل کو خون پہنچانے والی شریانیں مکمل فعال نہیں، بہتر علاج کے لیے وہ برطانیہ میں ہی رہیں، ڈاکٹروں نے نواز شریف کو ہدایت کی ہے کہ کرونا وائرس سے بچنے کے لیے آئسولیشں اختیار کریں کیونکہ مختلف بیماریوں کی وجہ سے ان پر کورونا وائرس زیادہ جلدی اثرانداز ہو سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن