آٹے کی قلت ، چکی مالکان نے 3روپے مہنگا کردیا، ایل پی جی 39روپے کلو سستی: پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ برقرار
لاہور ‘ کراچی‘ اسلام آباد (کامرس رپورٹر‘ نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) یوٹیلٹی سٹوروں پر آٹے سمیت دیگر اشیاء کم شرح سے دستیاب رہیں جبکہ جنرل سٹوروںپر زیادہ تر خشک راشن جن میں دالیں، چاول اور چینی عام مارکیٹوں اور دکانوں کے مقابل مہنگی فروخت ہوئیں۔ تھوک مارکیٹ میں چنا سفید 100 سے 105 روپے فی کلو اور سٹوروں پر 150 سے 155 روپے فی کلو میں دستیاب تھا۔ دال چنا بھی بعض سٹوروں پر 150 اور بعض پر اس سے بھی زیادہ تھی جبکہ تھوک میں گزشتہ روز اس کا ریٹ 120 سے 125 روپے فی کلو تھا۔ سٹور مالکان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ویلیو ایڈیشن کر کے اشیا فروخت کرتے ہیں۔ اس لئے بڑے سٹوروں پر قیمتیں زیادہ ہیں سٹور مالکان اور دکانداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس سے پندرہ دنوں میں خشک راشن کی خریداری میں 100 فیصد اضافہ ہوا۔ اس ضمن میں مارکیٹ کمیٹی کے جاری کردہ نرخوں کے مطابق گزشتہ 15 دنوں میں دالوں، بیسن، سرخ مرچ، گڑ، آٹے اور چاول کی قیمت میں کو ئی کمی یا اضافہ نہیں ہوا۔صوبائی دارالحکومت کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز بھی آٹا نایاب رہا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعص علاقں میں دکانداروں نے آٹے کی گراں فروشی کی۔ علاوہ ازیں لاہور میں آٹا چکی مالکان نے گذشتہ 3دنوں میں ایک کلو چکی آٹا کی قیمت میں 3روپے کا اضافہ کر دیا ہے جس سے اسکی قیمت 62روپے سے بڑھ کر 65روپے ہو گئی ہے۔ لاہور آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی یوسف کے مطابق اس وقت فلور ملیں شہر طلب سے 35فیصد ذائد آٹا فراہم کر رہیں ہیں لیکن لوگ لاک ڈائون سے خوفزدہ ہیں اور ضرورت سے زیادہ آٹے کے تھیلے خرید رہے ہیں جس کے باعث آٹا نایاب ہے۔ لاہور بھر میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈائون کے دوران مہنگی اشیاء بیچنے والوں پر مقدمات درج کر کے 19افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ایک اعلامیے میں ڈپٹی کمشنر لاہور نے بتایا کہ شہر میں 321 مقامات کی چیکنگ کی گئی، جبکہ مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کو ایک لاکھ 46 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے۔ دریں اثناء پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کردیا گیاہے، اوگرا نے اپریل کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں 39 روپے فی کلو کمی کا اعلان کردیا جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 462 روپے کی کمی کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اپریل کے لیے 11.8 کلو کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1067.39 روپے مقرر کی گئی ہے۔ یکم اپریل سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق آج سے پٹرول کی فی لٹر قیمت 96روپے 58 پیسے پر برقرار رہے گی۔ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 107روپے 25پیسے ‘ مٹی کے تیل کی قیمت77روپے 45پیسے اور لائٹ ڈیزل کی فی لٹر قیمت62روپے51پیسے پر برقرار رہے گی۔