• news

لاہور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی‘ 2252 گرفتار‘ 6 ذخیرہ اندوز پکڑے گئے

لاہور‘ کامونکے (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) لاہور پولیس شہر بھر میں جزوی لاک ڈاؤن کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ یقینی بنانے کیلئے گزشتہ روز بھی متحرک رہی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے کہا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 2252 افراد کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں 1157 مقدمات درج کئے گئے۔ تاہم ان افراد کو کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر ایس او پیز پورے کرنے پر بعدازاں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ 57912 افراد کو روک کر شہر میں نقل و حرکت کی وجہ دریافت کی گئی جبکہ غیر ضروری طور پر سڑکوں پر آنیوالے 51 ہزار سے زائد شہریوں اور گاڑی مالکان کو وارننگ جاری کر کے گھروں کو واپس بھیجا گیا۔ شہر میں سڑکوں پر آنے والی 17782 گاڑیوں اور 28284 موٹر سائیکلوں کو بھی روکا گیا اور بیشتر افراد کو گھروں کو لوٹا دیا گیا۔ رائے بابر سعید نے کہا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والی 197 دکانوں جبکہ 10 ریستورانوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ذخیرہ اندوزی میں ملوث 6 افراد کو گرفتار کر کے مختلف مقدمات درج کئے گئے۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے آٹھ افراد سمیع اللہ، محمدآصف، آصف، اجمل، علی، عثمان، بلال اور حماد کو موٹر سائیکلوں سمیت گرفتار کرکے مقدمات درج کر لئے گئے۔ دریں اثناء دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر اوکاڑہ میں 411 افراد کیخلاف مقدمات‘ سرگودھا میں 2 رکشہ ڈرائیور‘ پیر محل میں 8 موٹر سائیکل سوار‘ کمالیہ میں11 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ سیالکوٹ میںلیدر فیکٹری مالک‘ چیچہ وطنی میں 6ہوٹل مالک‘ پیر محل میں مدرسہ مالک اور دکاندار کو گرفتار کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں جنوبی پنجاب میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 141 افراد کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن