کرونا: امریکی انتظامیہ غرب اردن اور غزہ کے فلسطینیوں کی مدد کرے: ارکان کانگرس
واشنگٹن (صباح نیوز)امریکی کانگرس کے 8 ارکان نے امریکی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وبا کے خلاف غرب اردن اور غزہ کی پٹی میں بسنے والے فلسطینیوں کی مدد کرے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امریکی ارکان کانگرس کی طرف سے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے بھی کرونا سے لڑنے کے لئے ایران، شمالی کوریا اور فلسطینیوں کی مدد کی اپیل کرچکے ہیں۔مکتوب میں مزید کہا گیا کہ غزہ اور غرب اردن میں کرونا کی وبا کی روک تھام کے لیے مزید ادویات اور طبی آلات کی فراہمی کی ضرورت ہے۔ اگرفلسطینیوں کو بروقت طبی امداد فراہم نہ کی گئی تو انسانی المیہ رونما ہوسکتا ہے۔امریکی کانگرس کے ارکان کی طرف سے خبردار کیا گیا کہ 2007 ء سے فلسطین کے گنجان آباد علاقے غزہ کی معاشی ناکہ بندی جاری ہے۔ کورونا کی وبا کے سامنے آنے کے بعد اس ناکہ بندی کے فوری خاتمے اور غزہ کے عوام کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کی ضرورت ہے۔امریکی کانگرس کے ارکان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کی 2018ء سے بند کی گئی امداد بحال کرے اور فلسطینی پناہ گزینوں کو کرونا سے بچانے کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’’اونروا‘‘کی مالی مدد کی جائے۔