اثاثہ جات کیس: سپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی اہلخانہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور
کراچی(صباح نیوز)کراچی کی احتساب عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں آغا سراج درانی کے اہلِ خانہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ منگل کو احتساب عدالت کراچی میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔آغاسراج درانی کی اہلیہ اور بچوں نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرا دی۔اسپیکر سندھ اسمبلی کے اہلِ خانہ نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ کورونا وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔آغا سراج درانی کے اہلِ خانہ نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔کراچی کی احتساب عدالت نے آغا سراج کی اہلیہ، 3بیٹیوں اور بیٹے کی درخواست منظور کر لی۔عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب)سے مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ۔احتساب عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور ان کے اہلِ خانہ پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔