• news

ہزار بستروں کے فیلڈ ہسپتال کا دورہ ، ڈاکٹروں نے مسیحائی کی نئی مثال قائم کی : عثمان بزدار

لاہور(نیوز رپورٹر) بزدار حکومت نے ریکارڈ مدت میں1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال تیار کر لیا ہے۔ وزیراعلی نے ایکسپوسنٹر لاہور میں 1000 بستروں پر مشتمل ریکارڈ مدت میں بنائے گئے خصوصی فیلڈ ہسپتال کادورہ کیا۔ وزیراعلی نے فیلڈ ہسپتال میں کرونا کے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور فیلڈ ہسپتال کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔ تشخیصی کاؤنٹر، ریسکیو، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم، ایمبولینس اور دیگر سہولتوں کا مشاہدہ بھی کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو1122 کی مشترکہ کاوشوں سے 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بنایا گیا ہے۔ فیلڈ ہسپتال میں تین وقت کے کھانے کا انتظام بھی ہے۔ اس فیلڈ ہسپتال میں مریضوں کو آئسولیشن میں رکھا جائے گا۔ پنجاب میں نئی8 لیب بنائیں گے۔ دیہاڑی دار مزدوروں کو ریلیف دینے کیلئے چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کا آج سے آغاز کر دیا گیا ہے۔ زکوۃ کے مستحق ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کی امداد کے لئے87 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ انصاف امداد پروگرام کے تحت ان افراد کو کل تک مالی امداد پہنچ جائے گی۔ درخواست دینے والوں کے کوائف کی تصدیق کی جائے گی اور لاکھوں لوگوں کو تصدیق کے بعد یہ امداد فوری طور پر دی جائے گی۔ پنجاب میں کورونا وائر س سے متاثرہ مریضوں کی زیادہ تعداد زائرین اور ٹریول ہسٹری رکھنے والوں کی ہے۔ صوبائی وزراء اپنے تفویض کردہ اضلاع میں گندم خریداری مہم کی بھی نگرانی کریں گے۔ کسانوں سے گندم 1400 روپے فی من کے حساب سے خریدی جائے گی۔ گندم خریداری کیلئے گردآوری کی شرط ختم کر دی ہے۔ کسانوں سے گندم پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر خریدیں گے۔ عثمان بزدار نے وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجہ میں مصروف عمل ڈاکٹروں، نرسوں اورپیرا میڈیکل سٹاف سے یکجہتی کا اظہارکیا ہے اور آئسولیشن وارڈز میں فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو جذبہ خیرسگالی کے طور پر پھول بھجوائے۔ عثمان بزدار کی ہدایت پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ شہری حکومتی ہدایات پر من و عن عملدرآمد کریں۔

ای پیپر-دی نیشن