• news

پولیس ریلیف فنڈقائم،ساڑھے 5کروڑ روپے سے زائد رقم جمع

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ کورونا لاک ڈائون میں متاثرہ غریب ہم وطنوں کی امداد کیلئے پنجاب پولیس اپنی سماجی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور اسی لئے مستحق خاندانوں کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے ’’ پولیس ریلیف فنڈ ’’ قائم کیا گیا ہے تاکہ مشکل کے اس وقت میں غریب شہریوں اور دیہاڑی دار مزدوروں کے گھروں کا چولہا ٹھنڈا نہ ہوسکے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ فرنٹ لائن مصروف عمل ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس فورس ہراول دستے کی صورت قرنطینہ سنٹرز پر فرائض سر انجام دے رہی ہے ۔ پولیس افسر و اہلکاروں نے اپنی تنخواہوں سے عطیات دئیے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روزسنٹرل پولیس آفس میں’’پولیس ریلیف فنڈ‘‘ کے حوالے سے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ’’پولیس ریلیف فنڈ‘‘ کے حوالے سے آئی جی پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے مزیدکہاکہ تمام اضلاع میںسینئر کمانڈافسران سے لے کر کانسٹیبلزنے ُ’پولیس ریلیف فنڈ‘‘ میںاپنی بساط کے مطابق حصہ ڈالاجس کی بدولت مجموعی طور پرساڑھے5کروڑ سے زائد رقم جمع ہوئی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن