ڈینیل پرل کیس: سندھ حکومت ملزموں کی رہائی چیلنج کریگی، 3 ماہ کیلئے نظر بند کر دیا
کراچی، واشنگٹن (نیٹ نیوز، این این آئی) سندھ حکومت نے ڈینیل پرل قتل کیس کے ملزمان کی رہائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ محکمہ پراسیکیوشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی ٹیم سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لے رہی ہے اور آج اپیل دائر کردی جائے گی۔ گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس میں ملزمان فہد نسیم احمد، سید سلمان ثاقب اور شیخ محمد عادل کو رہا کرنے جب کہ احمد عمر شیخ کی سزائے موت کو 7 سال قید میں تبدیل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ گزشتہ روز حکومت سندھ نے عدالتی فیصلے کے بعد امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس میں رہائی پانے والے تین ملزمان کو تین ماہ کے لیے حراست میں لے لیا۔ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ملزمان کونقص امن کے آرڈیننس کے تحت حراست میں رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے سی آئی اے کی درخواست پر ڈینیل پرل قتل کیس کے ملزمان کو 90 روز کے لیے نظر بند کردیا۔ سندھ حکومت کو ڈی آئی جی سی آئی اے نے ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈینیل پرل قتل کیس میں نامزد ملزم اور بری ہونے والوں کی رہائی سے نقص امن کا خدشہ ہے۔ احمد عمر شیخ، فہد نسیم کی رہائی ملک کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہے اس لیے انہیں نظر بند کردیا جائے۔ احمد عمر شیخ، فہد نسیم، سید سلمان ثاقب اور شیخ محمد عادل کو 3 ماہ کے لیے نظر بند کیا گیا ہے۔ امریکہ نے ڈینیل پرل کیس کا فیصلہ افسوناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملزموں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔ امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے پاکستانی حکومت کے اپیل کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صحافی کے قتل کے تمام ملزموں کی سزاؤں کو ختم کرنا دہشت گردی کو بڑھاوا دینا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس کے فیصلے کی ٹائمنگ پر تعجب کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ڈینیل پرل کیس میں اپیلوں پر فیصلے کے لیے اس وقت کا انتخاب باعث تعجب ہے۔ اس وقت فیصلہ آنے سے پاکستان کی امن کی کوششوں پر سوال اٹھا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈینیل پرل کیس کے فیصلے پر امریکا کا رد عمل حکومت تک پہنچ چکا ہے مگر ابھی اس فیصلے کے خلاف اپیل کا حق موجود ہے، متعلقہ فورم پر اپیل دائر کی جاسکتی ہے۔