• news

پاکستانی معیشت رواں سال دبائو کا شکار، شرح نمو 2.6 فیصد، مہنگائی بڑھے گی: ایشیائی ترقیاتی بنک

اسلام آباد (این این آئی)براعظم ایشیا کی معاشی صورتحال پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی سالانہ ایشین آؤٹ لوک رپورٹ 2020 ء جاری کر دی گئی ،پاکستان کی معیشت 2020 ء میں دباؤ میں رہے گی۔رپورٹ کے مطابق رواں سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.6 فیصد رہے گی ،اقتصادی استحکام کیلئے اقدامات زرعی پیداوار میں کمی اور کرونا وائرس کے باعث شرح نمو میں کمی ہوئی ۔رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال پاکستان کی شرح نمو 3.2 فیصد ہو گی ،حکومت کے سخت اقدامات کے باعث جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی ہوئی ،کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے قوم کو متحد ہو کر کام کرنا ہو گا ۔ رپورٹ کے مطابق حکومت کے احساس پروگرام سے کرونا وائرس کے برے اثرات کو محدود کرنے میں مدد ملے گی ،رواں برس ٹڈی دل حملہ کے باعث زرعی پیداوار متاثر ہو گی ،برآمدی شعبے کی صنعتوں بلخصوص ٹیکسٹائل اور چمڑے کی شرح نمو میں کچھ اضافہ ہو گا ۔رپورٹ کے مطابق بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کمی ہو گی ،مہنگائی کی شرح رواں مالی سال 11.5 فیصد رہے گی ،کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا ۔رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال میں مہنگائی کی شرح 8.3 فیصد رہنے کا اندازہ ہے ،رواں مالی سال جاری کھاتوں کا خسارہ کم ہو کر جی ڈی پی کے 2.8 فیصد کے برابر رہے گا ،غربت کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت کو سماجی شعبوں تعلیم اور صحت کیلئے مزید وسائل فراہم کرنا ہوں گے ،کرونا وائرس کے باعث خطے کی مجموعی شرح نمو میں نمایاں کمی ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن