• news

مسلمان ہندوئوں کے برابر نہیں: سبرامینم سوامی، وہی باتیں ہورہی جو نازی یہودیوں سے متعلق کرتے: عمران خان

اسلام آباد+نئی دہلی ( وقائع نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اہم رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن سبرامینم سوامی نے مسلم دشمنی میں حدیں پار کرلی ہیں اور حالیہ ایک انٹرویو میں مسلمانوں کے حوالے سے کھل کر نفرت کا اظہار کیا ہے۔ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی روایتی مسلم اور پاکستان دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے اور اب حکمران جماعت کے اہم رہنما مغربی میڈیا کے سامنے بھی مسلمانوں کے خلاف کھل کر حقارت اور تعصب کا اظہار کررہے ہیں۔ امریکی ٹی وی چینل وائس نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا مزید کہنا تھا کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 14 کی تشریح غلط کی جاتی ہے جس میں یقینی بنایا گیا ہے کہ برابری کے حقوق برابری والوں کو دیئے جاتے ہیں۔ اس پر خاتون اینکر نے سوال کیا کہ کیا مسلمان برابر نہیں ہیں؟ اس پر سبرامینم نے ڈھٹائی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ نہیں، مسلمان نہ ہندوؤں کے برابر ہیں اور نہ ہی مساوی حقوق کے حق دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر (کسی ملک میں) مسلمانوں کی آبادی 30 فیصد سے زیادہ ہوجائے تو وہ ملک خطرے میں ہے۔ جس پر صحافی آئیزوبیل یینگ نے نشاندہی کی کہ ان کا بیان نفرت انگیز معلوم ہورہا ہے۔ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسے نفرت کہنا آسان ہے لیکن میں انہیں بھارت میں داخل نہ ہونے دینے کا کہہ کر رحم دلی کا مظاہرہ کررہا ہوں۔ انہیں جب کہا گیا کہ بھارت کے آئین کی دفعہ 14 بھارت کے تمام شہریوں کے لیے برابر حقوق یقینی بناتی ہے تو ان کا کہنا تھا کہ یہ مذکورہ دفعہ کی غلط تشریح ہے اور کہا کہ قانون برابر کی سطح کے لوگوں کے لیے برابری کے حقوق یقینی بناتا ہے۔ جس پر صحافی نے سوال کیا کہ ’کیا تمام لوگ برابر نہیں؟ بھارت میں مسلمان برابر نہیں؟۔ تو رکن پارلیمان کا کہنا تھا کہ نہیں تمام لوگ برابر نہیں، مسلمان برابری کے زمرے میں نہیں آتے‘۔ مذکورہ مکمل انٹرویو اتوار کے روز نشر کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بی جے پی قیادت آر ایس ایس کے نظریئے سے متاثر ہے۔ بی جے پی 21 ویں صدی میں 20 کروڑ مسلمانوں کیخلاف بول رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے بی جے پی رہنما سبرامینم سوامی کی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا یہودیوں کیخلاف جیسے نازی بولتے تھے اب بی جے پی ایسے بات کررہی ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی حیدر زیدی نے بھی اس ویڈیو کو ٹویٹ کرتے ہوئے سبرامینم سوامی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ بالکل فاشسٹ اور نسل پرست کے زمرے میں آتے ہیں۔ پاکستان کے دیگر سیاسی و مذہبی رہنمائوں نے بی جے پی رہنما کے بیان کی شدید مذمت کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن