’’کرونا کیخلاف عالمی تعاون، کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی جائے‘‘ جنرل اسمبلی میں قرارداد منظور
نیویارک (نیٹ نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس کے مسودے میں کرونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر تعاون اور کثیرالجہتی حکمت عملی پر زور دیا گیا ہے۔ قرارداد میں نسل پرستی، امتیازی سلوک، اجنبیوں سے خوف وغیرہ جیسے مسائل کے انسداد اور انسانی حقوق کے احترام پر بھی زور دیا گیا ہے۔ قرارداد کا مسودہ سوئٹزرلینڈ، انڈونیشیا، سنگاپور، ناروے، گھانا اور لائشٹ سٹائن نے پیش کیا اور 188 ممالک نے اس کی حمایت میں ووٹ ڈالا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق یہ قرارداد کرونا وباء پھیلنے کے بعد 193 بین الاقوامی رکن ممالک پر مشتمل ادارے کی طرف سے پہلی قرارداد ہے جسے 188 ممالک نے اتفاق رائے سے منظور کیا۔ روس اور دیگر 4 ممالک کیوبا، سنٹرل افریقن ری پبلک، وینزویلا اور وسطی امریکی ملک نکاراگوا کی طرف سے قرارداد کی مخالفت میں مسودہ پیش کیا گیا جسے جنرل اسمبلی نے مسترد کر دیا۔