کرونا: مزید 6 افراد جاںبحق، کیس 2637 ، چمن سرحد کھولنے پر اتفاق
اسلام آباد ، کراچی، پشاور ، کوئٹہ ( نیوز رپورٹر+ نوائے وقت نیوز) پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 2 ہزار 637 ہوگئی جبکہ اب تک 40 افراد اس وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔گزشتہ روز یعنی 2 اپریل کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید 181 کیسز اور5 اموات ریکارڈ کی گئیں جس میں 3 افراد سندھ اور2 کا خیبرپی کے جبکہ استور کے ایک شہری کی موت واقع ہوئی۔ 26 فروری کو پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آیا جس کے بعد اس عالمی وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔اس وقت پنجاب اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں کیسز کی تعداد 1069 ہوگئی ہے، اس کے بعد سندھ ہے جہاں آج کے نئے کیسز کے بعد تعداد 783 تک جا پہنچی ہے۔خیبرپختونخوا بھی اس وائرس سے کافی متاثر ہوا اور وہاں 343 افراد اس کا شکار ہوئے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 175 ہے۔اسی طرح اسلام آباد میں 68 ، گلگت بلتستان میں 190 اور آزاد کشمیر میں 11 لوگ اس مہلک وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ ملک میں اس وائرس سے ہونے والی اموات کو دیکھیں تو سندھ میں سب سے زیادہ 14 لوگ انتقال کرچکے ہیں جبکہ پنجاب میں 11، خیبرپختونخوا میں 11، گلگت بلتستان میں 3 اور بلوچستان میں ایک فرد جان کی بازی ہار چکا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سندھ میں ہونے والی ان 14 میں سے 12 اموات کراچی میں جبکہ 2 اموات حیدر آباد میں ہوئیں۔ایک طرف جہاں اموات اور کیسز ہیں تو دوسری طرف وہ 126 صحتیاب مریض بھی ہیں جنہوں نے اس وائرس کے خلاف جنگ جیتی اور مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے۔ محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کورآرڈینیٹر میران یوسف نے بتایا کہ 22 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے کے کیسز کی مجموعی تعداد 783 ہوگئی ہے۔انہوں نے کیسز کی تفصیلات کے بارے میں بتایا کہ کراچی میں 6، حیدرآباد میں 14 اور گھوٹکی میں تبدیلی جماعت سے مقامی طور پر منتقل ہونے والے 2 نئے کیس کی تصدیق ہوئی۔ مزید برآں سکھر میں 273 اور لاڑکانہ میں 7 کیسز ایسے ہیں جو ایران سے آنے والے زائرین ہیں۔ان تمام 783 کیسز میں 438 کیسز ایسے ہیں جو مقامی طور پر منتقل ہوئے ہیں۔علاوہ ازیں سندھ میں مزید 3 اموات کی تصدیق کردی گئی جس کے بعد صدبے میں وائرس سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 14 ہوگئی۔ وزیرصحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کراچی میں 2 اموات کی تصدیق کی۔انہوں نے بتایا کہ مریضوں کی عمر 82 اور 60 سال تھی اور دونوں مریضوں میں یکم اپریل کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جبکہ یہ مقامی طور پر منتقلی کے کیسز تھے۔بیان میں کہا گیا کہ 60 سالہ مریض کو دل کی بیماری تھی اور وہ وینٹی لیٹر پر تھے جبکہ 82 سالہ مریض کو گردوں کے مسائل کا سامنا تھا۔بعد ازاں عذرا پیچوہو نے حیدر آباد میں کورونا سے ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ 54 سالا شخص کو 3 اپریل کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی بعد زیر علاج رکھا گیا تاہم مریض ذہنی مسائل اور قوت مدافعت کم ہونے کی وجہ سے جانبر نہ ہوسکا۔ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے 8 نئے کیسز سامنے آئے۔ محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان قیصر آصف نے صوبے میں نئے کیسز کے بعد 928 مصدقہ کیسز ہیں جبکہ اب تک 11 افراد انتقال کرچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نئے مریض لاہور میں سامنے آئے جس کے بعد شہر میں متاثرین 204 ہوگئے، اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان سے 213، ملتان سے 91، رائے ونڈ قرنطینہ سے 142 اور فیصل آباد قرنطینہ سے 5 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔ترجمان کے مطابق متاثر ہونے والے دیگر افراد کا تعلق صوبے کے باقی علاقوں سے ہے۔بعد ازاں انہوں نے صوبے میں مزید 84 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد ایک ہزار عبور کرکے 1012 ہوگئی۔ چند گھنٹے بعد ترجمان نے پنجاب میں 57 نئے کیسز سامنے آنے کا بتایا جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1069 ہوگئی۔ان کا کہنا تھا کہ نئے کیسز میں کیمپ جیل لاہور کے 3 قیدی بھی شامل ہیں جن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ادھر اسلام آباد میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 68 ہوگئی۔خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز نے کورونا وائرس کے مزید 32 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 343 ہوگئی۔ ڈائریکٹوریٹ نے سوات اور مانسہرہ میں 2 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی۔ہیلتھ ڈائریکٹریٹ کورونا وائرس سیل بلوچستان کے ترجمان نے صوبے میں آج مزید 6 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 175 ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 401 ہے۔انہیں اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں بھی 3 نئے کیسز آئے اور وہاں متاثرین کی تعداد 190 تک پہنچ گئی۔ قبل ازیں گلگت بلتستان کی حکومت نے نوول کورونا وائرس سے مزید ایک افراد کی موت کی تصدیق کی تھی۔ وزیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ضلع استور میں ایک مصدقہ بزرگ کیس کی موت کے بعد وہاں اموات کی تعداد 3 تک پہنچ گئی۔ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ علاقے میں 8 مصدقہ کیسز کے دوبارہ کیے گئے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔پاکستان‘ افغان حکام نے اتوار کو چمن سرحد کھولنے پر اتفاق کر لیا۔ پھنسے ہوئے شہری آج سے سرحد پار آ جا سکیں گے۔ پاک افغان فورسز کی فلیگ میٹنگ میں سرحد کھولنے پر اتفاق ہوا۔ سرحد پر قرنطینہ مرکز بھی آج سے فعال ہو جائے گا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر جمعتہ المبارک کی ادائیگی کے حوالے سے نمازیوں کے لئے مساجد میں آنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر کی ہدایت پر شہر بھر کی مساجد اور دیگر اہم مقامات پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس افسروں نے مساجد، عبادت گاہوں اور اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا۔پاکستان بیجنگ، ووہان، واشنگٹن، لندن (شِنہوا) دنیا بھر کے 200سے زائد ممالک میں نوول کرونا وائرس کے باعث متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے دس لاکھ سے زائد اور ہلاکتیں 55ہزار سے تجاوز کرگئیں۔ امریکہ میں کرونا کے مریضوں کی تعداد اڑھائی لاکھ کے قریب اور مرنے والوں کی تعداد 6ہزار سے زائد ہوگئی۔ برطانیہ نے ہلاکتوں کے لحاظ سے چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جہاں مرنے والوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ کا کرونا وائرس ٹیسٹ دوبارہ منفی آگیا۔ چین میں 31مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ کرونا وائرس کے باوجود چین یورپ مال بردار ٹرینوں میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکہ 2لاکھ 45ہزار 540مصدقہ مریضوں کے ساتھ سب سے اوپر ہے۔ اٹلی میں 1لاکھ 15ہزار 242 مصدقہ مریض ہیں جبکہ سپین میں 1لاکھ 12ہزار 65مریض ہیں۔ اسی طرح جرمنی میں 84ہزار 794 اور فرانس میں 59 ہزار 929مصدقہ مریض ہیں۔ ایران میں 50ہزار 468، برطانیہ میں 34ہزار 173 اور سوئٹزرلینڈ میں 18ہزار 827 مصدقہ مریض ہیں۔ اس کے علاوہ ترکی میں کل مریضوں کی تعداد 18ہزار 135جبکہ چین میں 82ہزار 456ہوگئی ہے۔ وائٹ ہائو س نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کرونا وائرس ٹیسٹ دوسری مرتبہ منفی آیا ہے۔ ادھر چین کے محکمہ صحت نے کہا ہے کہ چینی مین لینڈ پر جمعرات کے روز نوول کرونا وائرس کے 31مصدقہ مریضوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، ان مریضوں میں سے 29مریض درآمدی ہیں۔ 4مریض ہلاک ہوگئے ہیں جو کہ تمام ووہان میں تھے۔ ویتنام کی وزارت صحت نے نوول کرونا وائرس کے 6مریضوں کی تصدیق کی جس سے ملک میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 233 ہو گئی۔ جمہوریہ کوریا میں مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی آدھی رات تک نوول کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد10ہزار کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 86مریضوں کی تصدیق ہوگئی ہے۔ دنیا بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس کے باعث یورپی ممالک سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، اٹلی، سپین اور فرانس متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہیں۔ تاہم فرانس سے متعلق ایک پریشان کن خبر نے سب کو ششدر کر دیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1355 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ مزید 2116 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ کورونا وائرس سے متاثرہ 1355 فرانسیسی شہریوں کی مزید ہلاکت کے بعد فرانس میں اموات کی مجموعی تعداد 5388 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 2116 افراد میں وائرس کی تشخیص کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 59 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس میں مبتلا 6 ہزار 399 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے تاہم ابھی تک بارہ ہزار 428 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں کرونا وائرس سے گزشتہ روز ریکارڈ اموات ہوئیں۔ برطانیہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 684 اموات ہوئیں۔ برطانیہ میں کرونا سے اموات کی کل تعداد 3605 ہو گئی جبکہ 4450 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں کرونا وائرس کی تعداد 38164 تک پہنچ گئی۔ کرونا سے گزشتہ رورز سپین میں 587 افراد موت کی آغوش میں چلے گئے مرنے والوں کی تعداد 10933 ہو گئی سپین میں 5645 نئے کیسز سامنے آئے ہیں تعداد 117710 ہو گئی۔ کئی دوسرے ملکوں میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں ترکی میں 79، سویڈن میں 69، برازیل میں 57، سوئٹزرلینڈ میں 48 اور کینیڈا میں 47 اموات شامل ہیں۔ جرمنی میں مریضوں کی تعداد 84 ہزار، فرانس میں 59 ہزار، ایران میں 50 ہزار اور برطانیہ میں 33 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دوسری جانب اس خطرناک بیماری سے دنیا بھر میں 2 لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی اتحاد اور کثیرالجہتی مطالبے کی قرارداد منظور کر لی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کرونا کی وباء کی روک تھام کیلئے امارات کا اقامہ رکھنے والے شہریوں کی واپسی پر عارضی پابندی میں دو ہفتے کی مزید توسیع کی ہے۔ امریکہ کو کرونا وائرس کے حملے برداشت کرنا مشکل ہو گیا۔ صدر ٹرمپ نے روسی امداد قبول کر لی۔ ہندوستان میں ملک گیر لاک ڈاون کے باوجود کورونا وائرس کے پھیلا کی رفتار بڑھ گئی ہے ۔ ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق گدشتہ صبح ملک کی مختلف ریاستوں میں، چوبیس گھنٹے کے اندر کورونا وائرس کے تین سو اٹھائیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد صبح تک ایک ہزار نو سو پینسٹھ ہو چکی اور مرنے والوں کی تعداد بڑھ کے پچاس ہو چکی تھی۔ ہندوستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد گذشتہ صبح تک ایک سو اکیاون ریکارڈ کی گئی تھی ۔