• news

لاک ڈاؤن ؟کرکٹر احمد شہزاد‘ اہلِ خانہ کی شمالی علاقہ جات کی سیر

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) لاک ڈاؤن کے باوجود کرکٹر احمد شہزاد شمالی علاقہ جات کی سیر کرنے پہنچ گئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق احمد شہزاد گزشتہ ہفتے وادی کالام گئے تھے جس پر سوشل میڈیا پر احتجاج کیا تھا، مقامی افراد کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے اور لوگوں کی آمدورفت پر مکمل پابندی ہے، اس کے باوجود احمد شہزاد سیر و سیاحت کیلئے نکلے ہیں۔ احمد شہزاد معروف شخصیت ہیں، لوگوں کی بڑی تعداد مداح ہے اس لیے اگر وہ پابندی کی خلاف ورزی کریں گے تو اس سے دوسرے لوگوں کو بھی شہہ ملے گی۔ احمد شہزاد نے وادی کالام کی تاریخی مسجد میں نماز بھی پڑھی اور بعد ازاں مقامی لوگوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔کالام کے بعداحمد شہزاد کی اگلی منزل چترال تھی لیکن ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انہیں لواری ٹنل سے ہی واپس بھیج دیا گیا۔ کمشنر ملاکنڈ ریاض محسود نے کہا کہ چترال فی الحال کرونا فری ضلع ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا رسک نہیں لیا جاسکتا جس کی وجہ سے دوسرے اضلاع کے لوگوں کو وہاں کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔کمشنر ملاکنڈ نے تصدیق کی کہ احمد شہزاد اور ان کی فیملی کو لواری ٹنل کے مقام سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن