پاکستان کیلئے میچز جیتنے والے کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنایا: مکی آرتھر
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پسند اور نا پسند کی بنیاد پر ٹیم میں کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کے طریقہ کار سے متعلق آل راؤنڈر محمد حفیظ کے الزامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ مکی آرتھر نے کہا کہ صرف ان کھلاڑیوں کو منتخب کیا جو ملک کے لیے میچز جیتنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میں نے ان کھلاڑیوں کو منتخب کیا جن کا رویہ پیشہ ورانہ تھا اور وہ پاکستان کے لیے میچز جیتنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ مجھے وہ سخت ناپسند تھے جو اپنے خول میں بند رہتے تھے اور سمجھتے تھے کہ پاکستان کرکٹ کے لیے انہوں نے بہت کچھ کیا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی کرکٹر نے مکی آرتھر کی کوچنگ کے دور میں اقربا پروری کا الزام عائد کیا ہو بلکہ اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل بھی یہی الزامات لگا چکے ہیں۔ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے کے باوجود مکی آرتھر کے دور میں کامران اکمل کو موقع فراہم نہیں کیا گیا جس پر میڈیا نے بھی مکی آرتھر کو ہدف نتقید بنایا تھا۔