گوجرانولہ:لاک ڈائون ‘رکشہ ڈارئیورز کے گھر یلو چولہے ٹھنڈے پڑ گئے
گوجرانولہ (نمائندہ خصوصی)ملک میں لاک ڈاؤن کے دوران رکشہ ڈرائیوروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے، شہر کی تمام سڑکیں سنسان پڑی ہیں اور کوئی سواری ڈھونڈھے سے بھی نہیں ملتی، تفصیلات کے مطابق سردی ہو یا گرمی،رکشہ ڈرائیور سارا دن محنت کر کے اپنے کنبے کا پیٹ پالتے ہیں۔مگر کورونا وائرس کے باعث ملک میں لاک ڈاؤن کیا لگا۔سڑکیں سنسان ہوگئیں، اور لوگ گھروں میں بیٹھ گئے۔ان حالات میں رکشہ ڈارئیورز کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں، گوجرانوالہ میں آٹو رکشوں اور موٹرسائیکل رکشوں کی تعداد دس ہزار سے زیادہ ہے بیشتر ڈرائیور قسطوں پر لے کر رکشے چلاتے ہیں۔بیچارے پریشان ہیں کہ گھر میں کھانے کو راشن نہیں، وہ قسط کیسے ادا کریں گے۔ رکشہ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ جلد حالات بہتر ہوں گے۔اس امید پر وہ روزانہ اپنے رکشوں کو صاف کرتے ہیں،لاک ڈاؤن کے باعث گھروں میں بند یہ رکشہ ڈرائیورکسی مسیحا کے منتظر ہیں، تاکہ ان کے گھروں کا چولہا جلتا رہے۔