• news

گورنر ہائوس لاہور کے باہر مستحقین کا راشن کے حصول کیلئے احتجاج

لاہور (نوائے وقت نیوز) عالمی وباء کرونا وائرس کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈائون جاری ہے جس کے سبب مستحقین کی بڑی تعداد راشن لینے کیلئے گورنر ہائوس پنجاب کے باہر پہنچ گئی اور راشن نہ ملنے پر احتجاج کیا اور گورنر ہائوس کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ لاہور کے گورنر ہائوس کے باہر راشن لینے آنے والے مسحتقین کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا گیا تھا صبح 8 بجے گورنر ہائوس سے راشن ملے گا جس کیلئے راشن لینے کیلئے صبح 6 بجے سے گورنر ہائوس کے باہر موجود ہیں۔ مستحقین کے مطابق کل قلعہ گوجر سنگھ میں ٹرک سے اعلان کیا گیا تھا گورنر ہائوس سے راشن ملے گا۔ مستحق شہریوں نے حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ اب ہمیں کہا جا رہا ہے مقامی پولیس سٹیشن کے باہر راشن ملے گا۔ ان حالات میں بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے کہاں جائیں۔ مستحقین کی جانب سے گورنر ہائوس سے راشن نہ ملنے پر گورنر ہائوس کے سامنے مال روڈ پر احتجاج بھی کیا گیا۔ عالمی وبا کرونا وائرس کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث دیہاڑی دار طبقہ اور نادار افراد ضروری کھانے پینے کی اشیاء سے محروم ہو گئے ہیں۔ شہریوں نے الزام لگایا کہ شہر کے مختلف مقامات پر راشن کی تقسیم کے بینرز لگائے گئے۔ شناختی کارڈ لیکر گورنر ہاؤس سے راشن لینے کا کہا گیا۔ صبح 6 بجے سے راشن لینے آئے‘ کسی حکومتی نمائندے نے کچھ نہیں بتایا۔ شہریوں نے تین گھنٹے تک گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کیا‘ پولیس کی بھاری نفری تعینات ہونے پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن