• news

حکومت غریب قیدیوں کی مفت قانونی معاونت کیلئے اقدامات کرے: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں قرار دیا ہے کہ چیف کمشنر اسلام آباد وفاقی دارالحکومت میں جیل کی تعمیر جلد مکمل کرانے کو یقینی بنائیں۔ عدالت نے یہ حکم جیل میں قیدیوں کی حالت زار سے متعلق درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے کیے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے 38 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے ۔ عدالتی فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کو غریب قیدیوں کی مفت قانونی معاونت کے لیے اقدامات کرے۔ غریب انڈر ٹرائل قیدیوں کو ٹرائل میں قانونی معاونت کی فراہمی کے لیے رجسٹرار میکنزم تیار کریں۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز،ڈی سی راولپنڈی اور ڈی سی اسلام آباد کے ہمراہ اڈیالہ جیل کا دورہ کریں اور اڈیالہ جیل کے قیدیوں کو سہولیات فراہمی کے حوالے سے رپورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کرائیں۔ عملدرآمد کمیشن جیل میں قیدیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت کو تجاویز پیش کرے۔ تجاویز پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ ہر ماہ کی 30 تاریخ کو رجسٹرار ہائی کورٹ کے جمع کرائی جائے۔60 دنوں میں پراسیکیوشن برانچ کا قیام عمل میں لا کر تعیناتیاں کی جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن