جامعہ فریدیہ ساہیوال کا 59واں دو روزہ سالانہ جلسہ تقسیم اسناد
ساہیوال(نامہ نگار)جامعہ فریدیہ کا59واں دو روزہ سالانہ جلسہ تقسیم اسناد ، سیدنا بابا فرید الدین ، خواجہ میاں علی محمد خاں، پیر شاہ چراغ اور فریدالعصر علامہ ابوالنصر منظور احمد شاہ علیہ الرحمہ بانی و مہتمم جامعہ فریدیہ کے عرس کے موقع پر ہونے والی اجتماعی دُعا سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز کے ذریعہ نشر ہوئی جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے لاکھوں افراد شریک ہوئے۔دفعہ 144کی وجہ سے عوامی اجتماع منسوخ کر دیا گیا تھا تا ہم لوگوں نے اپنے اپنے گھروں میں رہتے ہوئے دعا میں شرکت کی ۔ کرونا وائرس سے نجات ،عالم اسلام کی سربلندی ، ملکی سلامتی اور چیچنیا، بوسنیااور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا۔ مہتمم جامعہ فریدیہ ڈاکٹر مفتی محمد مظہر فرید شاہ نے کرائی ۔دعا سے پہلے انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بندہ اپنے گناہوں پر نادم ہو کر اپنے رب کی بارگاہ میں حاضر ہو جاتا ہے تو اللہ بھی اس کے گناہوں کو معاف کر دیا کرتا ہے۔ دعا کے بعد پیر شاہ چراغ علیہ الرحمہ اور فریدالعصر علامہ پیر ابوالنصر منظور احمد شاہ علیہ الرحمہ کے مزار شریف کی چادرپوشی کی گئی ، اس موقع پر صاحبزادہ علامہ پیر فیض الحسن شاہ ، صاحبزادہ علامہ پیر محمد اظہر فرید شاہ ، صاحبزادہ پیر محمد اکرم شاہ ، حاجی محمد سلیم فریدی ، الحاج احسان الحق فریدی ، حاجی عبدالغفور فریدی ، حاجی محمد یوسف فریدی نے بھی شرکت کی ۔ یاد رہے کہ طلبہ و طالبات کی دستار فضیلت اور تقسیم اسناد کی تقریب تا حکم ثانی ملتوی کر دی گئی ، حالات کے مطابق نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔