چیئرمین نیب نے اکرم درانی کے وارنٹ گرفتاری واپس لے لئے
اسلام آباد(نا مہ نگار)چیئرمین نیب نے وزارت ہائوسنگ میں غیر قانونی بھرتیوں اور سرکاری گھروں کی الاٹمنٹس سے متعلق نیب انکوائری میں سابق وفاقی وزیر اکرم درانی کے وارنٹ گرفتاری واپس لیتے ہوئے انکوائری افسر کی تبدیلی کا حکم دیا ہے اور معاملے کی از سر نو انکوائری کی ہدایات جاری کی ہیں۔نیب نے سپیشل پراسیکیوٹر کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے 30جنوری کو اکرم درانی کے وارنٹ گرفتاری کے اجرا پر نظرثانی کے لیے معاملہ چیئرمین نیب کو بھجوایا تھا۔ چیئرمین نیب کی طرف سے رائے طلب کرنے پر پراسیکیوٹر جنرل نیب نے تجویز دی کہ معاملے پر دوبارہ غور کی ضرورت ہے، فی الحال وارنٹ گرفتاری واپس لے کر از سر نو انکوائری کرائی جائے۔انکوائری افسر بھی تبدیل کردیا گیا ہے اور سابق وفاقی وزیر کے خلاف وزارت ہائوسنگ میں بھرتیوں اور سرکاری گھروں کی الاٹمنٹس کی از سر نو انکوائری کا حکم دیا گیا ہے جس کے بعد اکرم درانی کی درخواست ضمانت غیر موثر ہو گئی ہے اس لیے اسے خارج یا نمٹا دیا جائے۔