• news

یوٹیلٹی سٹورز پر اڑھائی ارب روپے کا رمضان ریلیف پیکیج دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت نے ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ عوام کو ریلیف یوٹیلٹی سٹورز پر سبسڈی کی مد میں دیا جائے گا۔ وفاقی حکومت ڈھائی ارب روپے کا رمضان پیکیج دے گی۔ یوٹیلٹی سٹورز پر 19 اشیائے خورونوش پر سبسڈی دی جائے گی۔ سبسڈی 5 فیصد سے لیکر 25 فیصد تک دینے کی تجویز ہے۔ ایف بی آر نے کرونا وبا کے پس منظر میںای سی سی کے فیصلہ کی روشنی میں ٹیکس رعایات کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا جس کے تحت یوٹیلٹی سٹوروں کو سامان فراہم کرنے والے درآمد کنندگان اور ملکی سپلائرز کیلئے ٹرن اوور ٹیکس کی شرح 2اعشاریہ 50فیصد سے 1اعشاریہ 50فیصد کر دی گئی۔ جبکہ وفاقی حکومت نے گھی کوکنگ آئل اور جراثیم کش صابن کی تیاری میں استعمال ہونے والے سافٹ آئل، ہارڈ آئل اور اور پام آئل کی ملک میں درآمد پر 2سے 4فیصد اضافی ڈیوٹی کی چھوٹ دیدی ہے، یوٹیلٹی سٹوروں کو آٹے، گھی، کوکنگ آئل، دالوں، چینی، خشک دودھ، نمک، ہانڈیوں میں استعمال ہونے والے مصالحہ جات، اور چائے فراہم کرنے والے ہول سیلرزکیلئے ٹرن اوور ٹیکس کی شرح2 اعشاریہ 5فیصد سے کم کر کے1 اعشاریہ 50 فیصد مقرر کر دی۔ جبکہ برانڈ نیم کے تحت فروخت ہونے والے نمک، چائے اور خشک دودھ پر نہیں ہوگا۔ دالیں درآمد کرنے والوں کیلئے بھی ٹرن اوور ٹیکس کی شرح 2 اعشاریہ 50 فیصد سے کم کر کے1 اعشاریہ 50فیصد مقرر کر دی گئی ہے اور یہ سہولت30جون 2020 تک دستیاب رہے گی۔

ای پیپر-دی نیشن