وزیراعظم کا اردگان کو فون ‘ بورس جانسن کے نام خط‘ کرونا کیخلاف ملکر کام کرنے پر زور برطانوی ہم منصب کی صحتیابی کیلئے دعا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردگان کو ٹیلی فون کیا۔ وزیراعظم نے ترکی میں کرونا وائرس سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور فلائیٹ آپریشن بندش کے باعث پھنسے پاکستانیوں کو سہولت دینے پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکی کو کرونا ایک دوسرے کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہئے، وزیراعظم نے وبا سے نمٹنے کیلئے ترکی سے مکمل تعاون اور اظہار یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے برطانوی ہم منصب بورس جانسن کو خط لکھا ہے، خط میں کہا ہے کہ کرونا پر قابو پانے کیلئے دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے برطانوی ہم منصب کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔