پنجاب حکومت کارمضان بازار لگانے کی بجائے ٹارگٹڈز سبسڈی دینے پر غور
لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میا ں اسلم اقبال کی زیر صدارت گزشتہ روز وزیراعلیٰ آفس میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے بھر میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں،دستیابی اوررمضان بازارلگانے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔رواں سال رمضان بازار لگانے کی بجائے ٹارگٹڈز سبسڈی دینے کی تجویز پر بھی غور ہواتاہم اس کا حتمی فیصلہ پنجاب کابینہ کرے گی۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان، سیکرٹریز صنعت و تجارت کیپٹن (ر) ظفر اقبال،ایڈیشنل سیکرٹری اشعر زیدی اورمتعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبے بھر کے کمشنرزو ڈپٹی کمشنر اورپولیس افسر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔صوبائی وزیرنے لاہور سمیت بعض اضلاع میں آٹا،چینی،گھی اوردالوں کی زیادہ قیمت پر فروخت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ موجودہ صورتحال میں بھی متحرک نہ ہوئی تو پھر کب بیدار ہوگی؟۔