پاکستانی، چینی افواج میں کرونا پرویڈیو کانفرنس
اسلام آباد)سٹاف رپورٹر(پاکستانی اورچینی افواج نے کوروناوائرس سے پیدا ہونے والے اثرات پرقابوپانے کے لئے ایک دوسرے کے تجربات کے تبادلے پرایک ویڈیوکانفرنس کاانعقاد کیا۔ ریڈیو پاکستان نے چین کی وزارت دفاع کے حوالہ سے بتایا ہے کہ دونوں افواج کے صحت کے بیس حکام اورماہرین نے راولپنڈی،بیجنگ اورووہان سٹی سے اس ویڈیوکانفرنس میں شرکت کی۔ویڈیوکانفرنس کے دوران چینی حکام نے مجموعی صورتحال، عالمی وباء کی روک تھام کے لئے چینی فوج کے تجربے،کوروناوائرس کا سراغ لگانے کے لئے ٹیکنالوجی کا طریقہ کار، تشخیص اور علاج معالجے کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ طرفین نے کمانڈ رابطے، وباء کی روک تھام، نگرانی اورنشاندہی، علاج اور دیگر متعلقہ امور کے ضروری تبادلے پر بھی زور دیا۔ پاکستانی حکام نے چینی فوج کے ڈاکٹروں کی طرف سے وباء کی روک تھام اورعلاج معالجے کے تجربات سے آگاہ کرنے پرچین کا شکریہ ادا کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق چینی سفارتخانے کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ چینی ماہرین نے مشورہ دیا کہ لوگوں کو شورہ دیں کہ ان گھروں کی کھڑکیاں کھول کر تازہ ہوا لیا کریں۔ لاک ڈائون میں ان کے خلاف ایک موثر حل ہے۔ اس کے علاوہ راشن کی تقسیم کے دوران بھی لوگ سماجی فاصلے برقرار رکھیں۔