پاکستان نے بھارت کی طلب کردہ سارک تجارتی نمائندوں کی ویڈیو کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے کرونا وباء کے حوالہ سے بھارت کی طرف سے گزشتہ روز سارک ملکوں کے تجارتی نمائندوں کی ویڈیو کانفرنس کا بائیکاٹ کیا ہے۔ اس حوالہ سے ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کے بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان سارک اور اس نوع کی تنظیموں کی اجتماعی سرگرمیوں کو بہت اہمیت دیتا ہے لیکن یہ کانفرنس، سارک سیکرٹریٹ نے نہ تو طلب کی اور نہ ہی تنظیم کا سیکرٹریٹ اس کانفرنس کا حصہ تھا۔ سارک پراسس میں پیشرفت کیلئے ضروری ہے کہ ہر نوع کی سرگرمی، سارک سیکریٹریٹ کے ذریعہ منعقد کی جائے۔ اس وقت جب کہ ایک وباء کا سامنا ہے تو اس سے نمٹنے کیلئے تمام تر تنظیمی وسائل کو بروئے کار لایا جانا چاہیئے۔