قومی رابطہ کمیٹی اجلاس: ایران، افغانستان کیساتھ سرحدیں مزید 2 ہفتے بند رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی‘ سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں افغانستان ایران کے ساتھ سرحدیں مزید 2روز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ افغانستان کے ساتھ سرحد کی بندش کے باوجود ٹرانزٹ ٹریڈ جاری رکھی جائے گی۔ کرونا کے باعث افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحدیں 14 اپریل تک بند کی گئی تھیں۔حکومت نے پاک افغان سرحد ہفتے میں3دن کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاک افغان سرحد 10اپریل سے ہفتے میں 3روز کھولی جائے گی۔ افغان حکومت کی درخواست اور انسانی بنیادوں پر سرحد کھولی جا رہی ہے۔سرحد کھولنے کا مقصد کارگو سامان کی ترسیل ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کرونا سے متعلق اہم فیصلے کئے۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سول اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر‘ چیئرمین این ڈی ایم اے‘ ظفر مرزا اور فردوس عاشق اعوان بھی اجلاس میں موجود تھیں۔ چاروں وزرائے اعلیٰ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں کرونا سے متعلق ملک کی مجموعی صورتحال اور حکومتی اقدامات کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ نیشنل کمانڈ کوآپریشن اینڈ کنٹرول سینٹر کی تجاویز پر بریفنگ کے علاوہ کرونا کے اعدادوشمار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وائرس سے متعلق مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت ہوئی۔ ڈیجیٹل ٹریکنگ اور مختلف علاقوں میں محدود آئسولیشن کے علاوہ کرونا ٹیسٹ کی صلاحیت 6 سے 20 ہزار روزانہ بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔ کرونا ٹائیگر فورس کے معاملات بھی اجلاس کے دوران زیربحث آئے۔ معاون خصوصی ظفر مرزا اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے کرونا سے متعلق کئے گئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ معاشی ٹیم نے وائرس کے بعد پیدا ہونے والی معاشی صورتحال پر شرکاء کو بریفنگ دی۔ تفصیل کے مطابق اجلاس میں فلائٹ آپریشن اسلام آباد کے علاوہ دیگر شہروں سے شروع کرنے پر بھی غور کیا گیا جبکہ تعمیراتی صنعت کو فوری طورپر کھولنے کے حوالے سے اقدامات زیرغور آئے۔