سیاسی جماعتیں الزام تراشی کی بجائے کرونا پر کردار ادا کریں: پرویز الٰہی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے پر الزام تراشی اور نمبر گیم کی بجائے کرونا جیسی عالمی وباء کے خلاف اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی معاشی ضروریات کو پورا کرنا ہونی چاہئے۔ انہوں نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے آل پارٹی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 10 اپریل کو طلب کر لیا، جو ویڈیو لنک پر ہوگا۔ اجلاس میں تحریک انصاف، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور آزاد جماعتوں کے نامزد ارکان شرکت کریں گے۔ گیارہ رکنی کمیٹی کرونا کے اثرات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لے گی جبکہ حکومت پنجاب کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے کئے اقدامات اور ان سے عوام کی روز مرہ ضروریات اور معاشی صورتحال پر پیدا شدہ اثرات پر تفصیل سے غور کیا جائیگا۔ اجلاس کی صدارت سپیکر چودھری پرویز الٰہی کریں گے۔