• news

اپوزیشن نے عوام کو مایوس کیا، سیاست نہ چمکائے: عثمان بزدار

لاہور(نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس کرونا سے نمٹنے کا کوئی پروگرام ہے نہ ایجنڈا، 22 کروڑ عوام سیاسی مخالفین کے دوغلے چہرے کو پہچان چکے، عوام کے تعاون سے وبا پر قابو پالیں گے۔ سردار عثمان بزدار نے اپوزیشن کی تنقید پر ردعمل میں کہا مایوس اپوزیشن جماعتوں نے اہم قومی مسئلے پر عوام کو مایوس کیا ہے، کئی ماہ لندن بیٹھ کر مزے لوٹنے والوں کی زبان سے دکھی انسانیت کی بات کسی صورت نہیں جچتی۔ اپوزیشن جماعتیں کرونا وباء پر سیاست چمکانے سے گریز کریں۔ عمران خان کی قیادت میں وفاقی اور پنجاب حکومت نے عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں عمران خان کی دانشمندانہ سوچ اور دوراندیش فیصلوں سے خائف ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار سے صوبائی وزیر لٹریسی راجہ راشد حفیظ نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر لٹریسی نے چیف منسٹر فنڈ برائے کروناکنٹرول کیلئے 10لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ آزمائش کے وقت متاثرہ لوگوں کی مددکا جذبہ قابل ستائش ہے اورپاکستانی قوم نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی اور مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی ہے۔ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کا ہے۔ سب کو یکجا ہو کر کورونا وبا کے لئے کام کرنا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش افسوسناک ہے۔ اپوزیشن جماعتیں زبانی جمع خرچ سے باہر نکلیں اور مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوں۔ آج پاکستان کی دھرتی ہم سب سے یکجہتی اور اتحاد کا تقاضا کر رہی ہے۔ کورونا وباء کا پھیلائو روکنے کے لئے عوام حکومتی اقدامات پر عمل کریں۔

ای پیپر-دی نیشن