آٹا‘ چینی بحران، وزراء بدلنا ناکافی ہے عمران کے استعفے کا مطالبہ جائز: بلاول
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) آٹا چینی بحران پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا کہ وزراء کے عہدے تبدیل کرنا کافی نہیں، پہلے بھی صرف عہدے تبدیل کئے گئے، احتساب نہیں ہوا۔ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ جائز ہے۔ عمران بھی صرف الزامات پر استعفے مانگتے رہے ہیں۔ لاک ڈاؤن بڑھانا ہے یا ختم کرنا ہے یہ وفاقی حکومت یا وزیراعلیٰ سندھ نہیں بلکہ کرونا بتائے گا۔میری توجہ کرونا سے مقابلے پر ہے اس لئے میں آٹا چینی سے متعلق رپورٹ پوری نہیں پڑھ سکا۔ کوئی صوبائی حکومت اکیلے دنیا میں پھیلی ہوئی وباء کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ اس کوشش میں وفاقی حکومت کو ساتھ دینا پڑے گا۔ وفاق نے جو ٹیسٹ کٹس دیئے ان کے شکر گزار ہیں لیکن ہماری توقعات کے مطابق نہیں۔ لوگوں کو راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔ جس طرح ہمیں لاک ڈاؤن کرنا چاہئے وہ نہیں ہوا۔ میرا نہیں خیال کہ میرے بیانات زیادہ جارحانہ ہوتے ہیں۔