• news

افغانستان :فضائی حملے،جھڑپیں،9شہری،37طالبان ہلاک

کابل+فیروز کوہ (شِنہوا)افغانستان کے مختلف صوبوں میں طالبان کے حملے ،افغان سکیورٹی فورسزکی جوابی فضائی کارروائیوں میں 9شہری اور37جنگجو ہلاک ہوئے۔ افغان فضائیہ کے فضائی حملوں میں 2 مغربی صوبوں میں 22 طالبان جنگجو ہلاک ہوگئے۔افغان فوج نے ایک بیان میں کہا کہ صوبہ غور میں شاہرک ضلع کے دہان مورگاہ اور ہیسارک کے علاقوں میں طالبان نے افغان نیشنل آرمی کے لاجسٹک قافلے پر حملہ کیا جس کو ناکام بناتے ہوئے فضائی حملوں کا آغازکیا جس میں 18 جنگجوہلاک ہو گئے۔بیان کے مطابق ہمسایہ صوبہ فراح میں 4 طالبان جنگجو ہلاک ہو ئے اور ایک اس وقت زخمی ہوا جب پشت رود ضلع کے پل ریگی علاقے میں کئے گئے فضائی حملوں میں جنگجوں کو نشانہ بنایا گیا ، جنگجوں نے اس سے قبل فوج کے ایک لاجسٹک قافلے کو نشانہ بنایا تھا۔ادھر افغانستان کے صوبے سمنگان کے 2 گاؤں میں طالبان اور شہریوں کے درمیان خونی جھڑپ میں 15 جنگجو اور 2شہری ہلاک ہوگئے جب کہ 22 طالبان جنگجو اور 5 دیہاتی زخمی ہوئے۔ترجمان گورنر سمنگان نے 15 جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ طالبان جنگجو گاؤں پر قبضہ کرنا چاہتے تھے ۔دریں اثناء صوبائی پولیس کے سربراہ سید عارف اقبال نے بتایا کہ صوبہ بلخ کے ضلع شولگارا میں پکنک کیلئے آئے ہوئے شہریوں پر طالبان کے ایک گروپ نے اچانک فائرنگ کردی جس میں 7 عام شہری ہلاک ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن