چیئرمین سینٹ کے ٹرمپ، مائیکل پنس کو خطوط، کرونا سے ہلاکتوں پر اظہار افسوس
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی سینیٹ کے سربراہ مائیکل پنس کے نام لکھے گئے خطوط میں کرونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر پاکستان کی پارلیمنٹ کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی ہے۔ ایوان بالا کے چیئرمین نے بیلجیم، ہالینڈ اور فرانس کے وزرائے اعظم، ترکی کے صدر ، عمان کی شوری کونسل کے سپیکر ، چین کی بین الاقوامی ترقی کے وزیر اور دیگر ممالک کے سربراہان حکومت و پارلیمان کو بھی علیحدہ علیحدہ خطوط لکھے ہیں۔ جرمنی کے چانسلر، سپین اوراٹلی کے وزرائے اعظم کو خطوط پہلے جاری ہو چکے ہیں۔ امریکہ صدر اور سینٹ کے سربراہ کے نام لکھے خطوط میں انہوں نے انہوں نے کہا ہے کہ میں امریکہ میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر بہت دل گرفتہ ہوں۔ چیئرمین سینیٹ، پاکستان کی پارلیمنٹ اور لوگوں کی جانب سے متاثر خاندانوں سے دلی تعزیت اور افسوس کرتا ہوں۔ کورونا وائرس ایک غیر معمولی عالمی چیلنج ہے جس سے ہر ایک فرد متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا اس بحران سے جہاں تباہی ہوئی ہے وہاں اقوام عالم کو متحد ہونے کا ایک منفرد موقع میسر آیا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان دنیا کی طرح سماجی فاصلے اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ پاکستان کا پارلیمان اور قوم اس مشکل وقت میں آپ کے ساتھ ہیں۔ ہم ہر قسم کی معاونت اور پیرا میڈیکل سپورٹ فراہم کرنے کو تیار ہیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے توقع ظاہر کی کہ مشترکہ کوششوں سے ہم جلد اس بحران پر قابو پا لیں گے۔انہوںنے کہا دکھ کی اس گھڑی میں میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔