چینی، گندم میگا سکینڈل کے ذمہ دار وزیراعظم ہیں: نیر حسین بخاری
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ چینی گندم میگا سیکنڈل کے ذمہ دار وزیراعظم ہیں گندم اور چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرکے قومی خزانے کی بندر بانٹ اور عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے کپتان کی ٹیم کے ہی کھلاڑی ہیں ۔ عمران خان کے ماتھے اور پی ٹی حکومت پر کرپشن کا سیاہ داغ ہمیشہ کیلئے سج گیا ہے ۔چینی گندم میگا سیکنڈل کے ذمہ داران کا قانون سے بالاتر ہونا سوالیہ نشان ہے ،عمران خان کی سرپرستی میں سلطنت مفاداتیہ کا ہر حصہ دار قومی خزانے کی ڈاکہ زنی اور عوام کی جیبوں پر ہاتھ صاف کر رہا ہے ۔نیر بخاری نے کہا کہ سرکاری تحقیقاتی رپورٹ میں وزیر فوڈز کیلئے'' سیکورٹی رسک ''ثابت ہوگیا ہے ۔تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ میں دمہ دار کو وزارت اقتصادیات عنائت کرنا ''سرکاری تحفظ'' ہے ،وزیراعظم ہاؤس کی مالیاتی سرپرستی کی آڑ میں عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا ۔درآمد برآمدکے گھناؤنے کھیل میں قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچایا گیا ہے ،قومی خزانے کو نقصان پہنچا کر اپنی تجوریاں بھرنے اور عوام کی تکالیف میں اضافہ کرنے والوں کا یوم حساب قریب ہے ۔