شاہ محمود سے ملاقات: کرونا سے نمٹنے کیلئے مدد جاری رکھیں گے: چینی سفیر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، این این آئی) چین کے سفیر یاؤ جنگ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی بڑھتی ہوئی تعداد کے بعد مشکل وقت میں پاکستان کی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے معاونت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چینی سفیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران کرونا وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے کرونا چیلنج سے احسن انداز میں نمٹنے پر چین کی حکومت کو مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ نے عفریت پر غلبہ حاصل کرنے پر چینی عوام کو بھی مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے سب سے زیادہ خوش آئند بات ہے کہ آج چین میں زندگی معمول کی طرف لوٹ رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر چین کے شکرگزار ہیں، دوست ملک کی طرف سے فراہم کردہ آلات وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی استعداد کار میں اضافہ کریں گے۔ ملاقات کے دوران چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان آئرن برادر (فولادی بھائی) ہیں، اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اس وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے۔ دریں اثناء وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آسٹریلیا کی وزیر خارجہ سینیٹر میریس پین سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے کرونا سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کرونا وائرس حملے کے سبب آسٹریلیا میں ہونیوالے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ آسٹریلین وزیر خارجہ نے کہاکہ آسٹریلوی حکومت نے اس عالمی وبا کے معاشی نقصانات کے ازالے کیلئے جاب کیپرز پروگرام کے تحت، 130 بلین آسٹریلوی ڈالر کی رقم مختص کی ہے تاکہ آسٹریلیا میں کاروباری شعبے کو ممکنہ خسارے سے بچایا جا سکے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس وبا کے باعث، ملکی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کے ازالے کیلئے آسٹریلوی حکومت کے بروقت اقدامات قابل ستائش ہیں ۔ وزیر خارجہ نے آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں، بالخصوص زیر تعلیم طلباء کا خصوصی خیال رکھنے پر آسٹریلوی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کوشاں ہے تاہم ترقی پذیر ممالک کو اپنے محدود معاشی وسائل کے سبب اس وبائی چیلنج سے نمٹنے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔