• news

ملک بھر میں 17 ہزار پوائنٹس سے رقوم کی تقسیم شروع

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) تمام تر احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت لاک ڈائون سے متاثرہ مستحق خاندانوں کی امداد کیلئے گزشتہ روز احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا آغازکر دیا گیا۔ مالی معاونت وصول کرنے والے احساس ایمرجنسی کیش کے مستحق افراد کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گلگت بلتستان ،آزاد کشمیر اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں تمام صوبوں میں ڈیجیٹل ادائیگی کے 17,000 مراکز کا افتتاح کیا جاچکا ہے جو بائیومیٹرک پر مبنی ادائیگیوں کو یقینی بنائیں گے۔ تمام نقد ادائیگیاں نادرا کے توسط سے ہرمستحق فرد کی بائیومیٹرک تصدیق کے بعدکی جائیں گی۔ احساس ایمرجنسی کیش فریم ورک کے تحت، دیہاڑی دار جن کے معاشی حالات کرونا کے باعث بُری طرح سے متاثر ہوئے ، ان کے گھرانوں کو ہنگامی بنیادوں پر 12,000روپے کا ریلیف پیکج فراہم کیا جائیگا۔ وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت مجموعی طور پر آئندہ ڈھائی ہفتوں کے دوران 12ملین سے زائد خاندانوں میں 144ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے۔ اب تک ، تقریبا 46.38ملین افراد نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے مستحق بننے کیلئے ایس ایم ایس بھیجا ہے۔ ادائیگیوں کے دوران کرونا حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے، صوبائی حکومتوں کیساتھ مل کر خصوصی انتظامات کیئے گئے ہیں۔ سماجی فاصلے کے سخت اقدامات کئے گئے جن میں کھلے عوامی مقامات پر ادائیگیوں کے مراکز کھولنا، متعدد کیش کائونٹر کا قیام، پوائنٹ آف سیل ایجنٹس کوکھلا رکھنا، ان مقامات پر ہجوم کو منظم کرنے کا انتظام اور ہاتھوں کی صفائی سے متعلق سہولیات کو یقینی بنانا شامل ہے۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے لوگ حبیب بینک جبکہ کے پی، جی بی اور اے جے کے لوگ بینک الفلاح کے بائیومیٹرک ادائیگی کے مقامات سے رقم وصول کررہے ہیں۔ ادائیگی کے نظام کی نگرانی کیلئے، وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اسلام آباد کے علاقے بری امام میں ایچ بی ایل کنیکٹ آئوٹ لیٹس کا دورہ کیا۔ مستحق خواتین سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس ان دیہاڑی داروں کو وظائف فراہم کررہا ہے جن کی معاشی حالت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کرونا ٹائیگر ریلیف فورس احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں اندراج کیلئے دیہاڑی داروں ، مزدورں اور کارکنان کو سہولت فراہم کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن