• news

افغان سفیر طلب، داعش کے دہشتگرد اسلم قاروقی کی حوالگی کا مطالبہ کردیا: پاکستان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے فضائی آپریشن اور سرحدوں کی بندش کے پیش نظر حکومت پاکستان نے تمام غیرملکیوں کے ویزوں کی میعاد میں 30 اپریل تک توسیع کر دی۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہمقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کے کیسز بڑھنے پر تشویش ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرے، کشمیریوں کو ادویات اور طبی سہولیات تک رسائی دی جائے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن سے پیدا گھمبیر صورتحال کا نوٹس لے۔ ڈومیسائل قوانین کی خلاف ورزی کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش ہے۔ بھارت عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کئی ممالک کے وزرا خارجہ سے کرونا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دنیا بھر میں ہمارے سفارتخانے اپنی کمیونٹی کو مسلسل خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی جاری ہے۔ کئی ممالک سے خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستانی شہری واپس لائے گئے ہیں۔ ووہان میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی سفارتخانے کے دو اہلکار واپس گھر پہنچ گئے۔ بند افغان سرحد کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ 10 اپریل سے ہفتے میں تین دن افغانستان کو ٹرک جانے کی اجازت ہو گی۔ پاکستان نے افغانستان سے داعش کے لیڈر اسلم فاروقی کی حوالگی کا مطالبہ کر دیا۔ افغان سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور پاکستان نے اسلم فاروقی کی گرفتاری پر اپنے موقف سے آگاہ کیا۔ افغان سفیر کی دفتر خارجہ طلبی کے دوران دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کے تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ دفتر خارجہ طلبی کے دوران افغان سفیر سے مطالبہ کیا کہ داعش کے دہشتگرد اسلم فاروقی کو پاکستان کے حوالے کیا جائے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اسلم فاروقی گروپ کی کارروائیوں پر اپنی تشویش سے افغانستان کو آگا ہ کرتا رہا ہے، اس گروپ کی سرگرمیاں پاکستان کے لیے نقصان دہ تھیں۔ اسلم فاروقی افغانستان میں پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے، پاکستان اسلم فاروقی سے تحقیقات کرنا چاہتا ہے، اسلم فاروقی کو افغان حکومت نے 5 اپریل کو گرفتار کیا۔پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس سے پانچ افرا دکی ہلاکت اور ایک سو ستر مریضوں کی موجودگی کی خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھار ت کی طرف سے اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے طبی سامان اور امداد کا فقدان پریشانی کی وجہ ہے۔مقبوضہ کشمیر کے لوگوں سے غیر انسانی سلوک کیخلاف بھارت کے اندر اور دنیا بھر میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ پاکستان نے طور خم اور چمن سرحد پر گزرگاہوں کے مقامات کے ذریعے مال بردار ٹرکوں اور کنٹینرز کو کل سے ہفتے میں تین بار افغانستان میں داخلے کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن