• news

کرونا،یورپی یونین کا پاکستان کیلئے ساڑھے 6لاکھ یورو امداد دینے کا فیصلہ

اسلام آباد ( جاوید صدیق) یورپی یونین نے پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لیے ساڑھے چھ لاکھ یورو کی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے یورپی یونین کے پاکستان میں مشن کے مطابق یہ امدادی رقم سول سوسائٹی کے ذریعہ دی جائے گی۔ رقم کی فراہمی کے لئے سول سوسائٹی سے تجاویز مانگ لی گئی ہیں۔ یورپی یونین کی طرف سے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کا معاشی اور سماجی سطح پر گہرا اثر مرتب ہورہا ہے پاکستان اور یورپ دونوں ان اثرات سے متاثر ہورہے ہیں۔ یہ وائرس لوگوں کی زندگی کے لیے خطرات پیدا کررہا ہے۔ پاکستان کے ساتھ پارٹنر شپ اور یکجہتی کے پیش نظر یورپی یونین پاکستان کو اس وباء سے نمٹنے کے لیے مدد فراہم کرے گا۔ یورپی یونین کی گرانٹ کے لیے تفصیلات یورپی یونین کی ویب سائٹ پر میسر ہیں۔اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) یورپی وزرائے خزانہ نے ایک اجلاس میں کورونا وائرس سے بچائو کے حوالے سے 500 ارب یورو کے منصوبے کی منظوری دی تاکہ کورونا وائرس سے ہونے والے معاشی نقصان کی تلافی اور اس وباء پر قابو پانے میں مدد فراہم کی جاسکے۔ تاہم اس منصوبے میں یورپی یونین نے قرضوں تک رسائی کے مشترکہ اطالوی ، ہسپانوی اور فرانسیسی مطالبے کو مسترد کردیا ہے۔یورو گروپ کے ترجما ن نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے پانچ سو ارب یورو کی رقم مختص کئے جانے پر تمام ممالک کے تحفظات دور ہوگئے ہیں۔ اس موقعے پرفرانسیسی وزیر خزانہ برونو لیمری نے اس منصوبے کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ہونے والا فیصلہ بہترین معاہدہ ہے جس میں کرونا کی وباء سے نمٹنے کے لیے پانچ کھرب یورو کی رقم مختص کی گئی ہے۔جرمن وزیر خزانہ اولاف شولٹزنے بھی فیصلے کا خیرمقدم کیا اور اسے یورپی یونین کے عظیم اقدامات میں سے ایک قرار دیا۔انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم سب ایک مشترکہ ردعمل فراہم کریں جس سے ہمارے ممالک کو صحت سے متعلق چیلنجوں پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ معاشی چیلنجوں پر قابو پانے کی سہولت ملے گی اور ہم کورونا جیسی وباء کو کنٹرول کرنے اور آئندہ کے لیے اس طرح کے بحرانوں کا مقابلہ کرنے کی پوزیشن میں آجائیں گے

ای پیپر-دی نیشن