• news

گڈ فرائیڈے، بڑے گرجا گھروں میں ویڈیو لنک پر دعائیہ تقاریب، کل ایسٹر منایا جائے گا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں مسیحی برادری نے اپنا گڈ فرائیڈے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا، کل بروز اتوار ایسٹر منایا جائیگا۔ کرونا وائرس کے باعث صوبائی دارالحکومت کے گرجا گھروں میں دعائیہ اجتماعات نہ ہوئے لیکن بڑے گرجا گھروں نے ویڈیو لنک کے ذریعے گھر گھر مسیحی افراد کو دعائیہ تقاریب میں شامل کیا۔ مسیحی برادری کل بروز اتوار ایسٹر کا سالانہ تہوار منائے گی لیکن دعائیہ اجتماعات نہیں ہوں گے۔ سینٹ انتھونی چرچ لارنس روڈ لاہور میں بھی گڈ فرائیڈے کے حوالے سے دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین، اقلیتی ایم پی اے ہارون عمران گل اور دیگر مسیحی مذہبی رہنمائوں نے خصوصی شرکت کی۔ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ تمام مذہبی رہنما?ں سے باہمی مشاورت کے بعد طے پایا ہے کہ گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر عبادت گاہوں میں کرونا وائرس کے باعث ہجوم سے پرہیز کیا جائیگا۔ گھروں میں ویڈیو لنک یا آن لائن سلسلہ کے ذریعے عبادات میں شامل کرنے کیلئے اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ دعائیہ تقریبات کی ریکارڈنگ کو انٹرنیٹ کے ذریعے بھی پھیلایا جا رہا ہے تاکہ سب گھروں میں مذہبی رسومات ادا کرسکیں۔ آرچ بشپ سبسٹین شاہ نے مذہبی رواداری، بھائی چارے اور امن و محبت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مسیحی برادری کی جانب سے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ بحیثیت پاکستانی ہم سب ایک قوم ہیں اور بہت جلد حکومتی ہدایات پر عمل سے مشکل کی گھڑی سے باہر نکل آئیں گے۔ دعائیہ تقریب سے پاسٹر انور فضل، ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل، لیفٹیننٹ کرنل (ر) بوٹسن ڈینیئل، پاسٹر لیاقت قیصر اور دیگر مذہبی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ تمام اقلیتی رہنمائوں نے متفقہ فیصلہ کیا کہ جب تک ہنگامی صورتحال برقرار رہے گی صوبہ کے تمام گرجا گھروں کو مذہبی عبادات کیلئے بند رکھا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن