• news

احساس پروگرام: امداد فراہمی جاری، ملتان میں بھگدڑ، خاتون جاںبحق، 23 زخمی

اسلام آباد‘ ملتان‘ لاڑکانہ‘ پشاور (خبر نگار خصوصی‘ نمائندوں سے‘ نمائندہ خصوصی) احساس پروگرام کے تحت امداد ی رقوم کی فراہمی دوسرے روز بھی جاری رہی، ملک کے مختلف شہروں میں خواتین کی بڑی تعداد نے امدادی رقوم حاصل کیں۔ وزیراعظم عمران خان کے احساس کفالت پروگرام کی دھوم مچ گئی۔ مختلف شہروں میں امدادی رقوم کی فراہمی کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ خواتین کی بڑی تعداد نے لائنوں میں لگ کر حکومت کی جانب سے جاری کی گئی رقوم حاصل کیں۔ سینٹرز میں اچھے انتظامات نظر آئے۔ خواتین کو رقوم کی فراہمی بہتر انداز میں کی گئی، انہیں ماسک بھی فراہم کئے گئے اور ان کیلئے کرسیوں کا بھی انتظام تھا، حکومتی اقدامات کو مستحقین نے خوب سراہا۔ حکومت کی جانب سے بنائے گئے سینٹرز میں پولیس اور پاک فوج کے جوان بھی رہنمائی کیلئے موجود تھے۔ سکھر، نوشہرو فیروز اور لاڑکانہ میں خواتین کیلئے قائم خصوصی سینٹرز میں رش دیکھا گیا۔ امریکی ٹی وی سی این این نے بھی پاکستان کی تاریخ میں معاشرتی تحفظ کی سب سے بڑی کوشش کی خبر کو نمایاں طور پر پیش کیا اور حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔ ملتان امدادی کیمپوں میں ناقص انتظامات، بھگدڑ، دھکم پیل ، خاتون جاں بحق اور 23 افراد زخمی ہوگئے۔ ملتان سے خبر نگار خصوصی کے مطابق قاسم پور کالونی ملتان میں احساس پروگرام کے تحت امداد کی تقسیم کے لئے سینٹر میں انتظامیہ نے امداد کی تقسیم کے لئے مناسب انتظامات نہیں کئے اور بھوک سے تنگ امداد حاصل کرنے والی سینکڑوں خواتین کو ہجوم کی صورت میں اکٹھا کر لیا۔ امداد کے حصول کی کوشش کے دوران بھگدڑ مچ گئی جس سے سورج میانی کی رہائشی نذیراں مائی جاں بحق ہوگئی۔ اس کی عمر 70 سال تھی جبکہ بھگدڑ سے 20 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی۔ دوسری جانب انتظامیہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ بھگدڑ کا واقع نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی شخص زخمی ہوا ہے نذیراں بی بی دل کا دورہ پڑنے کے سے جاں بحق ہوئی ہے۔ کوٹ ادو سے خبر نگار کے مطابق تحصیل کوٹ ادو کے حساس کفالت پروگرام شدید بد نظمی کا شکار ہو گیا ہے، چوک سرور شہید سنٹر پر سیکنڑوں خواتین کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ جام پور سے نامہ نگار، نمائندہ خصوصی کے مطا بق جا م پور ماڈل ہائی سکول میں قائم سنٹر میں دھکم پیل میں تین خواتین کندن بی بی، مجید ہ بی بی، سکینہ بی بی شدید زخمی ہو گئیں جن کو ٹی ایچ کیو ہسپتال جام پور داخل کرادیا گیا۔ بہاولپور میں احساس کفالت پروگرام سینٹر میں امدادی رقم کی تقسیم کے دوران فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق احساس کفالت پروگرام سینٹر میں امدادی رقم کی تقسیم کے دوران مستحق افراد سے دستخط، انگوٹھے لگانے کے باوجود رقم نہ دینے پر 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق تین نجی بینک کے ملازمین پر مستحقین کو رقم نہ دینے پرمقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے قبضہ سے 29 خواتین کے اوریجنل قومی شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ بہاولپور پولیس کے ترجمان کے مطابق چنی گوٹھ سینٹر میں خاتون کو 12 ہزار کے بجائے ساڑھے گیارہ ہزار روپے دینے پر ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ سندھ میں احساس پروگرام کی امدادی رقم میں خورد برد کرنے والا گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کو نظر محلے سے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم مستحق خواتین سے 500اور ایک ہزار روپے کٹوتی کر رہا تھا ملزم سمیت تین افراد کے خلا ف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ دیگر دوساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں پشاور میں احساس شفاف پروگرام میں مستحق سے رقم بٹورنے والے 15ریٹیلر گرفتار کر لئے گرفتاریاں چار سدہ روڈ نجشعر پل‘ جھاٹی روڈ اور اندرون شہر سے سو کیس گرفتار افراد متاثرین سے 300روپے کٹوتی کر رہے تھے۔معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ محنت کش بھائیوں کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے احساس ایمرجنسی کیش کی 8171 ایس ایم ایس سروس کو مفت کر دیا ہے۔دہاڑی دار، مزدور اور مستحقین احساس پروگرام کی امداد لینے کے لئے 8171 نمبر پر اپنا شناختی کارڈ بھیجیں۔ موبائل پیغام کے ذریعے ایس ایم ایس میں امداد کا اہل قرار پانے والے دوسرے پیغام کا انتظار کریں۔اگر کوئی اہل قرار دیا جائے تو اسے 8171سے ہی دوسرا ایس ایم ایس آئے گا۔ کسی بھی دوسرے نمبر سے آنے والا پیغام جعلی ہو گا‘ محتاط رہیں۔ اہل افراد کو پورے 12ہزار روپے ملیں گے کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن