• news

ٹیسٹنگ نظام کو وسعت، رمضان میں مساجد آباد رکھنے کیلئے اقدامات کئے جائیں: پرویزالہٰی کی زیرصدارت آل پارٹیز پارلیمانی کمیٹی اجلاس

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت کرونا پر آل پارٹی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ٹیسٹنگ کے نظام کو وسعت دینے، بیماری کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے موثر اور فوری اقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔ رمضان المبارک میں مساجد کو آباد رکھنے پر زور دیا گیا تاکہ اللہ رب العالمین ہم سے راضی ہو اور ہم سے یہ وباء ختم فرما دے۔ جبکہ مدارس اور مساجد کو بلوں میں کم از کم چار ماہ کیلئے رعایت دینے، گندم کی خریداری کے مراکز پر خصوصی سینی ٹائزیشن کی سہولیات دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ ویڈیو لنک پر ہونے والے اجلاس میں حکومتی نمائندگی صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے کی۔ جبکہ پنجاب اسمبلی کے ارکان سردار اویس احمد خان لغاری، سمیع اللہ خان، خواجہ سلمان رفیق، نذیر احمد چوہان، امین ذوالقرنین، سید حسن مرتضیٰ، ساجد احمد خان، ملک احمد علی اولکھ اور محمد معاویہ نے شرکت کی۔ بعض اپوزیشن ارکان کی جانب سے ٹائیگر فورس کے قیام کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ وفاق میں کرونا وائرس پر قائم کردہ کمیٹی کی جانب سے آئندہ تین چار ہفتوں کو خطرناک قرار دیئے جانے کے بعد ضروری ہے کہ اس بیماری کی ٹیسٹنگ کٹس کی کمی کو کسی صورت آڑے نہ آنے دیا جائے اور زیادہ سے زیادہ آبادی کو کرونا ٹیسٹ کی فری اور باآسانی سہولت فراہم کی جائے تاکہ اس کے متوقع پھیلاؤ کو مؤثر طور پر کنٹرول کیا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں بھی آؤٹ ڈور کھولنے کا مطالبہ کرنے کے علاوہ ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملہ کو حفاظتی کٹس کی وافر تعداد میں فراہمی پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس میں مزید کہا گیا کہ گندم کی خریداری کی پالیسی کی فوری وضاحت کی جائے۔ اجلاس نے حکومت کو اس سلسلہ میں کئے گئے اقدامات سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ پنجاب حکومت سے کہا گیا کہ ڈینگی کا سیزن آ گیا ہے اس سے بچاؤ کیلئے سپرے کا فوری آغاز کیا جائے۔ آل پارٹی پارلیمانی کمیٹی نے تبلیغی جماعت سے حالیہ سلوک کی مذمت کرتے ہوئے دین کی تبلیغ کیلئے اس کی خدمات کی دل کھول کر تعریف کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے اجلاس میں بھرپور شرکت پر کمیٹی کے تمام ارکان سے اظہار تشکر کیا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ حکومت کمیٹی کی سفارشات پر پوری طرح عمل کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن