ایل اوسی: راجوری اور پونچھ میں بھارتی گولہ باری، پاک فوج کا منہ توڑ جواب
جموں (کے پی آئی ) مقبوضـہ کشمیر کے راجوری اور پونچھ کے علاقوں میں کنٹرول لائن پر پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان شدید کشیدگی پائی جارہی ہے اور مختلف سیکٹروں میں بھارت کی طرف سے فائرنگ اور گولہ باری کا تازہ سلسلہ شروع ہوگیاہے جس سے نہ صرف متعدد مکانات تباہ ہوئے ہیں بلکہ مقامی آبادی سہم کر رہ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز رات 9بج کر 30منٹ پر راجوری کے ترکنڈی اور بھمبر گلی میں شیلنگ کا سلسلہ شروع ہوا اور اس دوران 120ایم ایم کے مارٹر گولے داغے گئے۔ ان دونوں سیکٹروں میں چار گھنٹے تک فائرنگ اور گولہ باری ہوتی رہی۔ اس دوران پاکستانی فوج نے بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا منہ توڑ جواب دے کر بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ ذرائع نے بتایا کہ نائیکہ پنج گرائیں، ترکنڈی، پریالی، کھوڑی ناڑ، راجدھانی اور لمبی باری کے علاقے اس بھارتی شلنگ کی زد میں آئے۔ایک افسر نے بتایاکہ صرف لمبی باری کے علاقے میں 40کے قریب شیل داغے گئے۔ اس دوران محمد جمیل کی اہلیہ اور تین بچے بال بال بچے جب ایک 120ایم ایم والا مارٹر شیلنگ ان کے مکان کی چھت کو چیرتے ہوئے اندر آگرا۔ لیکن خوش قسمتی سے اہل خانہ کمرے کے ایک کونے میں تھے اور یہ شیل ان سے دوری پر گرا۔ لمبی باری میں ایک گورنمنٹ سکول کی عمارت کو نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ دیگر تین مکانات کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان گذشتہ شام پونچھ کے کرشنا گھاٹی، مینڈھر اور بالاکوٹ سیکٹروں میں فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جو آخری اطلاع ملنے تک جاری تھا۔ اس کے علاوہ قصبہ کیرنی اور شاہپور سیکٹر بھی فائرنگ اور شیلنگ کی زد میں ہیں۔ دریں اثنا بالاکوٹ حد متارکہ شدید آگ کی لپیٹ میں ہے اور اس سے نکلنے والا دھواں دور دور تک دکھائی دے رہا ہے۔