کرونا سے نمٹنے کیلئے ناکافی اقدامات: چیف جسٹس کا پہلا ازخود نوٹس
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت +نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ناکافی اقدامات پر ازخود نوٹس لے لیا جو کہ ان کا پہلا از خود نوٹس ہے۔ خیال رہے کہ جسٹس گلزار احمد نے 21 دسمبر 2019ء کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور یہ 4 مہینے بعد ان کا پہلا ازخود نوٹس ہے۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے اٹارنی جنرل، سیکرٹری صحت، سیکرٹری داخلہ، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور چیف سیکرٹری اسلام آباد کو نوٹسز جاری کردیئے۔ اعلیٰ عدالت کی جانب سے چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی نوٹس جاری کیے گئے جن میں پوچھا گیا ہے کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟ اور ہسپتالوں میں کیا سہولیات ہیں؟۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ کرونا وائرس سے متعلق ازخود نوٹس پر 13 اپریل کو سماعت کرے گا۔ بنچ میں چیف جسٹس گلزار احمد کے علاوہ جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس مظہر عالم خان، جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس قاضی محمد امین شامل ہیں۔