• news

کرونا کیخلاف جنگ میں ہار کا آپشن ہے نہ ناداروں کو تنہا چھوڑینگے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کوہ سلیمان کے علاقے سنگھڑندی کے کنارے چوٹی کری ماڑ کا دورہ کیا اور وہاں پر چھوٹے ڈیم کی تعمیر کے مجوزہ منصوبہ کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثما ن بزدار کو دیکھ کر چوٹی کے ارد گرد آباد قبائلی لوگ جمع ہو گئے۔ اور ان کی اچانک آمد پر خوشگوار حیرت کا اظہارکیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار دو گھنٹے پتھریلی زمین پر بیٹھ کر قبائلی لوگوںسے ’’حال احوال ‘‘ معلوم کرتے رہے۔ اور قبائلی لوگوں سے بلوچی زبان میں گفتگوکی۔ کری ماڑ کے رہائشی لوگوں نے وزیر اعلی عثمان بزدار سے علاقے میں سکول کے قیام کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کری ماڑ میں سکول بنانے کا اعلان کیا۔ قبائلی لوگوں نے رابطہ سڑک، گندم اور آٹے کی فراہمی، ویٹرنری ڈاکٹر اور ادویات کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کمشنر اور مقامی انتظامیہ کو کری ماڑ کے لوگوں کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے بزرگ قبائلی کے ساتھ آنے والی4 سالہ بچی سے ’’ گپ شپ‘‘ کی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے بچی سے بلوچی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’تمہارا نام کیا ہے ؟‘‘ ’’تمہارے ابو جان کا کیا نام ہے؟ ‘‘4 سالہ بچی نے وزیر اعلی عثمان بزدار سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ’’میرا نام راجو بی بی ‘‘ ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے راجو بی بی کو نقد رقم بھی دی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ راجو بی بی اور اس علاقے میں بسنے والے ساری بچیاں میری بیٹیوں کی مانند ہیں۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے بی ایم پی کے اہلکاروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگوں کو میرے پاس آنے دیں، یہ سب میرے اپنے ہیں۔ عثمان بزدار روانہ ہونے لگے تو ایک بزرگ کو آتے دیکھ کر پھر زمین پر بیٹھ گئے۔ بابا بگا خان وزیر اعلی عثمان بزدار کو دیکھ کرکھل اٹھے اور باتیں کرتے رہے۔ عثمان بزدار نے رات گئے بغیر پروٹوکول تونسہ شریف شہر کا دورہ کیا۔ انتظامیہ بھی لا علم رہی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر میںدفعہ 144 پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ صفائی، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ عثمان بزدار نے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کا گھر آپ سب کے لئے محفوظ ہے۔ کرونا سے بچنا ہے تو شہری بلا ضرورت باہر نہ نکلیں-جنگ عوام کے تعاون سے ہی جیتیں گے۔ آزمائش کے وقت میں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے حقیقی مسیحا ہیں۔ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موجودہ صورتحال میں مثالی کردار ادا کررہے ہیں۔ معاشی صورتحال پر پوری نظر ہے۔ نادار طبقے کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انصاف امداد پروگرام کے ذریعے بیک وقت لاکھوں خاندانوں کی مالی امداد قومی ریکارڈ ہے۔ پاکستان سمیت پوری دنیا کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ بدلتے حالات میں شہریوں کو بھی اپنے روز مرہ کے معمولات کو بدلنا ہو گا۔ اپوزیشن آج بھی سیاست چمکانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ پاکستان کے عوام اپوزیشن رہنماؤں کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو یکسر نظر انداز کیا ہے۔ عثمان بزدار تونسہ کے دورے کے بعد کوٹ ادو پہنچے اورتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو کا دورہ کیا۔ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی کان کے دورا فتادہ علاقے وہو میں رورل ہیلتھ سنٹر معائنہ کیا اور سنٹر میں ضروری ادویات ویکسین اور طبی سامان کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے وہا میں بارڈر ملٹی پولیس پوسٹ کا دورہ کیا اور پوسٹ پر تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کرونا کے خلاف جنگ میں ہار کا کوئی آپشن نہیں اور یہ جنگ عوام کے تعاون سے ہر صورت جیتیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن