• news

لاک ڈائون کے مثبت اثرات، مریضوں کی تعداد اندازوں سے بہت کم: صدر

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ‘ نوائے وقت رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بلتستان ڈویژن میں کرونا وائرس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔ یہاں 83 مریضوں میں سے 78 صحت یاب ہوئے ہیں۔ صدر گزشتہ روز بلتستان کے مختصر دورہ میں سکردو میں ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر نے کہا کہ اداروں کے تعاون سے بلتستان میں صورت حال کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے ساتھ ٹیسٹنگ کٹس اور دوسرا سامان لائے ہیں۔ صدر نے مقامی اداروں سے کہا کہ وہ علماء سے مل کر رمضان میں اجتماعات میں تعداد کم رکھنے پر توجہ دیں۔ صدر کو وزیراعظم کے خصوصی معاون ڈاکٹر ظفر مرزا کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔ دریں اثناء گلگت بلتستان کے دورہ کے موقع پر عارف علوی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ مریضوں کی تعداد بڑھنے کے جو اندازے لگائے گئے تھے، اس سے تعداد بہت کم ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے علمائے کرام اور عوام کے تعاون کو سراہا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مقدس مہینہ رمضان کی آمد آمد ہے۔ اس ماہ مقدس میں بھی سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں یوٹیلٹی سٹورز کے سامان کی سپلائی کی خود مانیٹرنگ کروں گا اور متعلقہ اداروں سے یوٹیلٹی سٹورز کو بروقت سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ صدر علوی ایک روزہ دورے پر گلگت پہنچے۔

ای پیپر-دی نیشن