فیروز والہ : دیرینہ دشمنی پرنوجوان قتل‘ملزم کی والدہ زخمی
فیروزوالہ(نامہ نگار)سابقہ عدوات کی بناپر مسلح افراد نے تھانہ نارنگ کے قریب فائرنگ کرکے موٹرسائیکل نوجوان فریاد علی کو ہلاک کردیا، مقتول کے حامی افراد نے ملزم کے گھر پر فائرنگ کرکے ملزم کی والدہ کو زخمی کرڈالا۔ بتایاگیاہے کہ کالاخطائی کا رہائشی نوجوان فریادعلی موٹرسائیکل پر سوار ہوکر اپنے سسرال نارنگ جارہاتھا جب وہ تھانہ نارنگ کے قریب پہنچا تو مخالف رانا حمزہ نے دیگر ساتھیوں کی مدد سے اندھادھند فائرنگ کرکے اس کو ہلاک کردیا، ملزمان فرار ہوگئے ۔ نارنگ پولیس نے مقتول کی نعش قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال پہنچادی۔ دونوں فریقین میںدیرینہ عدوات چلی آرہی ہے، ملزم حمزہ حال ہی میں جیل سے رہاہوکر آیا جس نے باپ کے قتل کابدلہ لینے کی خاطر مخالف کے حامی نوجوان فریاد علی کو ہلاک کردیا۔اب تک دونوں فریقین کے چار افراد دشمنی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔