کرونا کے آفٹر شاکس کئی برس تک محسوس کئے جائینگے:پرویزحنیف
لاہور( کامرس رپورٹر)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن ، لاہورچیمبر کے سابق صدر پرویز حنیف نے کہا ہے کہ کوروناوائرس نے ترقی یافتہ او ر ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو بلا تفریق متاثر کیا ہے اور اس کے آفٹر شاکس کئی سالوں تک محسوس کئے جاتے رہیں گے ،کوروناکی وباء تھمنے کے بعد حکومت کو معیشت کی بحالی کیلئے ایمر جنسی کی طرز پر اقدامات کرنا ہوں گے اور ہمیں ایک قوم بن کر دکھاناہوگا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کی وجہ سے شاید ہی کوئی ایسا شعبہ بچا ہو جس پر اس کے اثرات مرتب نہ ہوئے ہوں۔ اس وباء نے برآمدات پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے ہیں جس سے معیشتوں کی بنیادیں ہل کر رہ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں کیلئے ریلیف پیکج اور مراعات کا اعلان خوش آئند ہے لیکن اسے نعروں سے آگے بڑھ کر عملی شکل دینا ہوگی۔ کوروناوائرس کے آفٹر شاکس کئی سالوں تک محسوس کئے جاتے رہیں گے اس لئے ہمیں طویل المدت پالیسی پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے خدوخال یکسر تبدیل ہوجائیں گے اورحکومت کوآمدن حاصل کرنے کی بجائے زیادہ توجہ معیشت کی بحالی کیلئے ریلیف اور پیکج دینے پر مرکوز کرناہوگی۔