• news

مرکزی بنک بلاسودقرضے جاری کرے:اظہارالحق قمر

لاہور( کامرس رپورٹر )پاکستان انٹر نیشنل فریٹ فاروڈرایسوی ایشن نے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی کیلئے مرکزی بینک فی الفور بلا سود قرضوں کی سکیموں کا اعلان کرے ،پہلے سے لئے گئے قرضوں پر مارک اپ کو معاف یا ایک سال کے لئے موخر کیا جائے ،پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاک ڈائون کی وجہ سے ایکسپورٹ اوربند ہونے سے فریٹ فارورڈ کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ، پاکستان میں اس شعبے سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے انکم ٹیکس تین کی بجائے ایک فیصد اور ٹرن اوور ٹیکس ختم کیاجائے۔ ان خیالات کا اظہارکے چیئرمین اظہار الحق قمر ، سینئر وائس چیئرمین جمیل احمد، محمد اصغرملک سمیت دیگر عہدیداران نے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ فریٹ فاروڈ زکاشعبہ حکومت کو سالانہ اربوں روپے کا ٹیکسز کی ادائیگی کرتا ہے لیکن کورونا وائرس کے پھیلائو کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہونے والے لاک ڈان کی وجہ سے ایکسپورٹ اور امپورٹ بند ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے اس سے وابستہ ہر شخص بیروزگار ہو گیا ہے۔ حفاظتی تدابیر کو یقینی بنا کر ایکسپورٹ اور امپورٹ کو کھولا جائے تاکہ معمول زندگی بحال ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ مرکزی بینک کو پابند کیا جائے کہ فی الفور بلا سود قرضوں کی سکیمیں لائی جائیں تاکہ معیشت کو بحال کیا جا سکے، فریٹ فاروڈرز پہلے ایک فیصد انکم ٹیکس ادا کرتے تھے جو کہ تین فیصد کر دیاگیا ، مطالبہ ہے کہ موجودہ حالات میں اسے دوبارہ ایک فیصد پر لایا جائے اور ٹرن اوور ٹیکس ختم کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن