ٹائیگر فورس کی تشکیل کیخلاف درخواست مسترد،متعلقہ فورم سے رجوع کی ہدایت
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے کرونا وائرس، ٹائیگر فورس کی تشکیل کے خلاف درخواست مسترد کردی ہے۔ عدالت نے درخواست پر فیصلے میں قرار دیا ہے کہ بلدیاتی نمائندے متعلقہ فورم سے رجوع کیے بغیر عدالت آگئے۔ کرونا ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ایگزیکٹو اقدامات کر رہی ہے۔ عدالت خود کو ایگزیکٹو کے معاملات میں دخل اندازی سے روک رہی ہے۔ عدالت نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ کرونا وائرس صرف پاکستان تک محدود نہیں وفاقی اور صوبائی حکومتیں نمٹنے کے لئے اقدامات کر رہی ہیں، یہ عدالت بارہا کہہ چکی اس وقت قومی اتحاد اور ریاست پر اعتبار کرنے کی ضرورت ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے کوئی ٹھوس مواد بھی ریکارڈ پر نہیں لایا گیا۔