مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی کپواڑہ میں گولہ باری، 3کشمیری شہید، ڈومیسائل قانون تبدیلی سازش
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل کو خط میں مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل کے نئے قانون پر توجہ دلائی ہے۔ وزیر خارجہ نے خط میں کہا ہے کہ بھارتی اقدام سے کشمیریوں میں خوف کی فضا پیدا ہوئی۔ بھارتی عمل سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل ہونے کا خدشہ ہے۔ کرونا کے حالات میں بھارتی اقدام قابل افسوس ہے۔ علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ یہ ایک بہت ہی افسوسناک بات ہے کہ جب دنیا کرونا وائرس کے بہت بڑے چیلنج سے گزر رہی ہے اور پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک کی جا نب سے کوششیں ہو رہی ہیں کہ عالمی سطح پر تعاون بڑھایا جائے اور آپس میں مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کیا جائے تاہم ہمارے خطہ میں ایک ایسا ملک بھی ہے جو اپنی وہی پرانی ظلم ، بربریت، لوگوں کو تقسیم کرنے، امتیاز برتنے اور ہندوتوا کی پالیسی کی روش پر آج تک قائم ہے اور نہ اس نے اپنا رویہ بدلا اور نہ راستہ بدلا، یہ بھارتی فوج کا ایک چلن رہا ہے کہ یہ ہمارے سویلینز کو نشانہ بناتے ہیں اور سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عائشہ فاروقی نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کئی ہفتے قبل یہ بات شروع کی ہے کہ جو ترقی پذیر ممالک ہیں ان کی ڈیٹ ری اسٹرکچرنگ کے بارے میں عالمی سطح پر سوچنا چاہئے۔ گزشتہ روز وزیراعظم نے عالمی برادری کے نام اپنے خصوصی پیغام میں خاص طور پر اپیل کی ہے اور اقوام متحدہ اور دنیا کے سامنے اپنا ایک نظریہ پیش کیا ہے تاکہ ترقی یافتہ ممالک اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے سب مل کر کرونا وائرس کی وبا سے لڑنے کے لئے اور جن ممالک کو معاشی استحکام کی ضرورت ہے ان کے لئے ایک مشترکہ منصوبہ بنائیں۔ عالمی سطح پر پاکستان کے اس اقدام کی گونج سنائی دے رہی ہے، اور پھر ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف نے اس حوالہ سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، جی 20 ممالک نے اس حوالہ سے اعادہ کیا اور او آئی سی کی طرف سے اس حوالہ سے بات کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ تشویش کی بات یہ ہے کہ آج جو اطلاعات آرہی ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں کہیں زیادہ کرونا وائرس کے انفیکشنز پائے جارہے ہیں ، وہاں پر کمیونیکیشن کا مکمل بلیک آئوٹ ہے، نہ وہاں میڈیکل سپلائی کی ترسیل کا نظام صحیح ہو رہا ہے اور نہ وہاں پر صیح طور پر جائزہ لیا جا سکتا ہے کہ کرونا وائرس کا کتنا پھیلائو ہے۔
دفترخارجہ پاکستان
سرینگر‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ سپیشل رپورٹ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے کشمیری میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع کپواڑہ میں رہائشی علاقوں پر گولہ باری کی ہے جس کی زد میں آکر تین کشمیری شہید ہو گئے۔ شہدا میں 37سالہ خاتون‘ 16سالہ نوجوان اور آٹھ سالہ بچہ شامل ہے۔ آپریشن کے بہانے کئی علاقوں سے مزید نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ادھر مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم افراد نے کشتواڑہ ڈسٹرکٹ میں ایک بھارتی پولیس افسر کو کلہاڑی سے وار کر کے ہلاک کر دیا ہے جبکہ دوسرے کو شدید زخمی کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ دو افراد نے انہیں کلہاڑیوں سے شدید زخمی کیا جن میں سے ایک مر گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہے۔
کشمیر/کلہاڑی