پاکستان، مزید 4جاں بحق، پاک سیکرٹریٹ میں 3وزارتوں کے دفاتر بند
اسلام آبا د+ لاہور ، ملتان (خبر نگار + خصوصی نمائندہ+نامہ نگار، نوائے وقت نیوز) ملک بھر میں مہلک کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد5537 ہوگئی اور 97 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ پاکستان میں کرونا سے مزید4 افراد جاں ہوگئے۔ وفاقی وزارت صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3233 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 336 میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔اس طرح ملک بھر میں کرونا کا شکار افراد کی تعداد5537 ہوگئی جب کہ کرونا وائرس کے 1127 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 65 ہزار 114 مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں 44 کی حالت تشویش ناک ہے۔ حکام کے مطابق پنجاب میں 2672، سندھ 1452، بلوچستان 231، خیبر پختونخوا میں 744، آزاد کشمیر 43، اسلام آباد میں 131 اور گلگت بلتستان میں 224 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔سندھ میں آج اب تک کرونا وائرس کے مزید 41 کیسز سامنے آئے اور ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 1452 اور ہلاکتیں 31ہوگئی ہیں۔ صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کی۔ مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ صوبے میں مزید 24 گھنٹوں کے دوران 30 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 419 ہوگئی ہے, جب کہ مزید 62 کیسز اور ایک ہلاکت کی تصدیق آج ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی جانب سے کی گئی ہے۔پنجاب میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 2656 ہوگئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 24 ہے۔ ترجمان کے مطابق 701 زائرین،864 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 89 قیدیوں اور 1002 عام شہریوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔پنجاب میں ہونے والی 24 ہلاکتوں میں سے 11 لاہور، راولپنڈی 6، رحیم یار خان 2، ملتان، بہاولپور، جہلم، فیصل آباد اور گجرات میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ صوبے بھر میں اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ 39 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں آج اب تک کرونا کے مزید 12 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 131 ہوگئی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں اب تک کرونا سے ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔خیبرپختونخوا میں ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی جب کہ صوبے میں مزید 47 کیسز بھی رپورٹ ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 744 ہوگئی۔ صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔بلوچستان میں بھی مزید دو نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 231ہوگئی ہے۔ ملک کے ہسپتالوں میں کرونا کے شکار طبی عملے کی تعداد 100 ہوگئی۔ ملک بھر میں ڈاکٹرز، نرسز، طبی عملے کے دیگر ارکان شامل ہیں۔ پی آئی سی لاہور کے سرجن میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ نشتر ہسپتال ملتان میں مزید 4 ڈاکٹرز بیمار ہوگئے جن کی تعداد 27 ہوگئی۔ خیبر پی کے میں 34 ڈاکٹرز اور 7 نرسز کرونا وائرس سے متاثر ہوئیں۔ اسلام آباد کے تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز کو غیرمعینہ مدت کیلئے بند کر دیا گیا۔ نشتر ہسپتال میں فرائض انجام دینے والے مزید 4 ڈاکٹروں میں کرونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد وائرس سے متاثرہ ڈاکٹروں کی مجموعی تعداد 17 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز نشتر ہسپتال ملتان میں کرونا مریضوں کے علاج پر مامور 13 ڈاکٹروں کے خود وائرس سے متاثر ہونے کا انکشاف سامنے آیا تھا جس کے بعد وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے نہ صرف معاملے کا نوٹس لیا تھا بلکہ سیکرٹری صحت سے رپورٹ بھی طلب کی تھی۔ آج مزید ڈاکٹروں کے ٹیسٹ کئے گئے جو مثبت آئے ہیں اور یوں اب کرونا سے متاثرہ ڈاکٹروں کی تعداد 17 ہو گئی ہے، ڈاکٹروں کا علاج معالجہ جاری ہے۔ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ خیبر پی کے ڈاکٹر اکرام اللہ بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ وزیر صحت خیبر پی کے تیمور خان جھگڑا نے ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آج ہماری کوڈ19رسپانس ٹیم کے سربراہ اور ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ کا کرونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے گھر میں ہی قرنطینہ اختیار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) کے سینئر ڈاکٹر کارڈیک سرجری کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ڈاکٹر کو سرجری کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اہم سرکاری عمارت پاک سیکرٹریٹ میں کرونا کا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد حکام نے وہاں موجود3 وزارتوں کے دفاتر سیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق وزارت سمندر پار پاکستانیز میںکرونا وائرس کا مشتبہ کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد پاک سیکرٹریٹ کے کوہسار بلاک کو خالی کروا لیا گیا ہے۔ کوہسار بلاک 14 اپریل سے 16 اپریل تک بند رہے گا، اس دوران ملازمین کوگھروں میں رہنے اور ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ وزارت فوڈ سکیورٹی، ہاؤسنگ اور اوورسیز پاکستانیز کے دفاتر شامل ہیں۔ گگو منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گائوں 267۔ای بی کا رہائشی کرونا کا شکار لاہور ہسپتال میں انتقال کر گیا۔ محمد اشرف کرونا وائرس کا شکار ہو کر لاہور کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھا,نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔کرونا وائرس سیکرٹریٹ کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ تک بھی پہنچ گیا ۔کرونا وائرس سپریم کورٹ بھی پہنچ گیا,چیف جسٹس کے سٹاف اہلکار میں کورونا وائرس کی تصدیق کی ذرائع کے مطابق محمد احسان نامی نائب قاصد کا تین روز قبل ٹیسٹ کیا گیا، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر محمد احسان کو چھٹی پر بھیج دیا گیا،محمد احسان اس وقت اپنے گھر قرنطینہ میں ہے، سپریم کورٹ کا آج سے چیف جسٹس کے تمام سٹاف کا کرونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیاہے۔ ترجمان سپریم کورٹ نے نائب قاصد محمد احسان کو فلو کی تصدیق کر دی ہے۔پشاور میں کرونا وائرس سے بیمار سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ظفر سرفراز انتقال کر گئے۔ ہسپتال حکام کے مطابق 52 برس کے ظفر سرفراز لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں داخل تھے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کرونا کا مشتبہ مریض دم توڑ گیا۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر کاشف کے مطابق 69 سالہ نبی خان مریض ایک روز پہلے سانس اکھڑنے کے باعث ہسپتال لایا گیا جہاں اسے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا۔ یہ دو سال سے ٹی بی‘ دمہ کا مریض بھی تھا۔ مریض کی رپورٹ تاحال نہیں ملی 5 روز بعد ملے گی۔ متوفی کی میت پولیس کی نگرانی میں آبائی گاؤں 681/22 روانہ کر دی گئی۔
کرونا پاکستان
بیجنگ/واشنگٹن/نئی دہلی /کینبرا/صوفیہ (شِنہوا) دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث متاثرہ افراد کی تعداد 19لاکھ کے قریب اور ہلاکتیں سوا لاکھ سے زائد ہوگئیں۔ امریکہ میں وائرس کے باعث 22ہزار سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متاثرین کی تعداد 6لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔ بھارت میں ہلاکتیں 300 سے زائد ہوگئیں۔ چین میں کرونا وائرس کے 108 نئے مصدقہ مریضوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 98درآمدی ہیں جبکہ 2ہلاکتیں بھی ہوئیں۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مرکز برائے سسٹمز سائنس اینڈ انجینئرنگ کی جانب سے مرتب کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 18 لاکھ 50 ہزار 527ہو گئی۔ اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں کل مصدقہ کیسز کی تعداد 5لاکھ 57ہزار 571 تک پہنچ گئی ہے۔ سپین میں 1 لاکھ 66 ہزار 831 کیسز ریکارڈ کئے گئے جبکہ اٹلی میں مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 1 لاکھ 56 ہزار 363 ہوگئی ہے۔ فرانس میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 1لاکھ 33 ہزار 670، جرمنی میں 1 لاکھ 27 ہزار 854 جبکہ برطانیہ میں مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 85 ہزار 208 ہوگئی ہے۔ ایران میں نوول کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 71 ہزار 686 ،ترکی میں 56 ہزار 956 بیلجیم میں وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 29 ہزار 647 ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ چین میں مصدقہ کیسز کی تعداد 83ہزار 523 ہے۔ جاپان بھر میں پیر کی دوپہر تک وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 ہزار545 ہوگئی ہے۔ آسٹریلیا میں پیر کی صبح تک نوول کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز 6ہزار 322 تھے، جن میں اتوار کی صبح سے اس وقت تک 33 کیسز کا اضافہ ہوا ہے۔ افغان وزارت صحت عامہ کے ترجمان وحید اللہ مایار نے پیر کو بتایا کہ افغانستان میں نوول کرونا وائرس کے 58 نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں جس سے ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 665 ہو گئی ہے۔ جمہوریہ کوریا میں پیر کو مقامی وقت کے مطابق آدھی رات کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے مقابلے میں نوول کروناوائرس کے مزید 25 کیسز رپورٹ ہوئے جس میں متاثرہ کیسزکی کل تعداد 10 ہزار537 ہوگئی ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد 217 ہوگئی ہے۔ اموات کی کل شرح 2.06 فیصد ہے۔ فارغ کردہ مریضوں کی تعداد 7ہزار447 ہو گیی ہے۔ نیوزی لینڈ میں نوول کروناوائرس سے پانچویں شخص کی موت واقع ہوگئی ہے۔ کیسز کی کل تعداد 1ہزار349 ہوگئی ہے۔ چین کے محکمہ صحت نے کہاہے کہ چینی مین لینڈ پر نوول کرونا وائرس کے 108نئے مصدقہ مریضوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 98درآمدی ہیں، کیسز کی تعداد میں اضافہ ۔اتوار کے روز مین لینڈ پر 2ہلاکتیں ہوئیں جوکہ صوبہ ہوبے میں تھیں جبکہ 6نئے مشتبہ مریض سامنے آئے، یہ تمام مریض درآمدی تھے۔ بھارت میں وائرس سے 331 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جان لیوا وائرس کرونا سے اب تک 2805892 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ادھر میکسیکو میں صحت کے حکام کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 442 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ کرونا وائرس سے 23 اموات ہوئیں۔ ملک میں اب تک 4661 متاثرین اور 296 اموات ہو چکی ہیں۔ گذشتہ ہفتے میکسیکو کے ڈپٹی وزیر صحت ہیوگو لوپیزگاٹیل نے کہا تھا کہ ملک میں اس وقت 26 ہزار پانچ سو کرونا مریض موجود ہوسکتے ہیں۔ روس میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلائو کو مدنظر رکھتے ہوئے لاک ڈائون کو مزید سخت کردیا گیا ہے اور لاکڈائون کی خلاف ورزیوں کو کم کرنے کیلئے لوگوں کو ڈیجیٹل پرمٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سسٹم کا باضابطہ طور پر آغاز کل بدھ سے ہوگا تاہم اس سے قبل کاریا پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر کی پلاننگ کرنے والے 8 لاکھ لوگوں کو پاسز جاری کردیئے گئے ہیں۔ کرونا وائرس سے اسرائیل کے سابق ربی اعظم و سفاردی یہودیوں کے سابق روحانی پیشوا 79 سالہ علیاہو بخشی دورون بھی چل بسے۔کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے 79 سالہ یہودی عالم و سابق ربی اعظم علیاہو بخشی دورون 1993 سے 2003 تک سفاردی یہودیوں کے روحانی پیشوا رہے تھے۔امریکی بحری بیڑے روزویلٹ میں ایک اہلکار کرونا وائرس سے ہلاک ہوگیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق روزویلٹ میں 600 افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ بحری بیڑے میں 48 فیصد افراد کرونا سے متاثر ہیں۔
کرونا دنیا