آج کاروبار کھول دینگے: خیبرپی کے بلوچستان: پنجاب میں محدود اجازت کا مطالبہ
کراچی +لاہور(نوائے وقت رپورٹ‘ کامرس رپورٹر) بلوچستان اور خیبر پی کے کے تاجروں نے آج سے کاروبار کھولنے کا اعلان کر دیا۔ تاجر رہنماؤں نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ مزید لاک ڈاؤن برداشت نہیں کر سکتے۔ حفاظتی اقدامات کے ساتھ آج سے کاروبار کھولیں گے۔ اجازت نہ ملی تو اہلخانہ کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس میں دھرنا دینگے۔ کاروبار کھولنے کے فیصلے سے حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔ پنجاب میں بھی تاجروں نے محدود وقت کیلئے کاروبار کھولنے کی اجازت کا مطالبہ کر دیا۔ تاجر رہنما نعیم میر نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنی ملکیتی دکانوں کا کرایہ معاف کر کے مثال قائم کی ہے۔ محکمہ اوقاف‘ ریلوے اور لوکل گورنمنٹ کی دکانوں کے کرائے معاف کئے جائیں۔ تجارتی مراکز بند ہونے سے مزدور طبقہ بری طرح متاثر ہے۔ حکومت ایس او پیز تیار کرے‘ عملدرآمد کریں گے۔ خیبر پی کے میں الیاس بلور نے کہا ہے کہ کاروبار بند ہونے سے فاقوں کی نوبت آ پہنچی ہے۔ مزید کاروبار بند کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ دریں اثناء کراچی کے چھوٹے تاجروں اور متعدد تنظیموں نے آج سے مارکیٹیں کھولنے کے اعلان کو 2دن کیلئے مؤخر کردیا، سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی سندھ نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کرانے کیلئے 2دن کی مہلت مانگی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وزیر اعلی سندھ ملاقات میں مارکیٹیں کھولنے کیلئے ایس او پیز مرتب کرکے مارکیٹیں کھولنے کا لائحہ عمل دیں گے جس کے بعد آج سے مارکیٹیں کھولنے کے اعلان کو 2دن کیلئے مؤخر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل کراچی کے تاجروں اور متعدد تنظیموں نے کرونا وائرس کے باعث طویل لاک ڈاؤن کو ختم کرکے آج بدھ 15اپریل سے کاروبار کھولنے کا اعلان کیا تھا اور حکومت کی جانب سے مزاحمت پر گرفتاریاں پیش کرنے کی دھمکی دی تھی۔