• news

مساجد میں تراویح‘ 18 اپریل کو اجلاس طلب: متفقہ فیصلہ کیا جائیگا: نور الحق قادری

اسلام آباد (نیٹ نیوز، نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رمضان المبارک کی آمد پر مساجد میں اجتماعات اور نماز تراویح سے متعلق سفارشات کی تیاری کے لئے تمام صوبوں کے گورنرز اور علمائے کرام کا اجلاس 18 اپریل کو طلب کر لیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ منگل کو ایوان صدر میں ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے شرکت کی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ صدر مملکت تمام صوبوں کے گورنرز، آزاد جموں وکشمیر کے صدر اور علمائے کرام کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کریں گے۔ علمائے کرام کی سفارشات سے حکومت کو جامع پالیسی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ سماجی فلاح وبہبود میں تعاون کے لئے زکوۃ اور خیرات دیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے اپنے بیان میں کہا کہ تراویح‘ اعتکاف اور نماز جمعہ سے متعلق پورے ملک کیلئے متفقہ فیصلہ ہوگا انفرادی اور مقامی فیصلوں سے اجتناب کرکے اتحاد کی فضا کو فروغ دیا جائے گا۔ حکومت کرونا سے محفوظ اور بھی عبادات سے بھرپور رمضان کیلئے اقدامات کرے گی۔ تمام مسالک کے جید علماء اور دینی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائیگا۔ اجلاس میں وزیر مذہبی امور، وزیر داخلہ، ظفر مرزا اور چیئرمین اسلامی نظریہ کونسل صدر کی معاونت کریںگے۔

ای پیپر-دی نیشن